کانوڑ یاترا کے پیش نظر یوگی حکومت کی سخت ہدایات ، بغیر لائسنس دکانیں لگانے پر پابندی
دکانوں پر لائسنس کابورڈ آویزاں کرنا لازمی قرار، فوڈ اینڈ درگ ایڈمنسٹریشن کمشنر نے ڈھابوں اور ریستورانوں میں کھانوں کی جانچ کی ہدایت

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی ،یکم جولائی :۔
کانوڑ یاترا کے آغازسے قابل ایک بار پھر ہندو مسلم کشیدگی عروج پر ہے ۔جہاں ایک طرف ہندوتو تنظیموں کے نام نہاد رہنما اور مذہبی بابا مسلمانوں کے خلاف معاشی بائیکاٹ کی مہم میں سر گرم ہیں اور یاترا روٹ پر ڈھابوں اور دکانوں میں جانچ کر رہے ہیں وہیں دوسری طرف اتر پردی حکومت نے نئی ہدایت جاری کی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق اتر پردیش حکومت نے کانوڑ یاترا کے دوران فوڈ سیفٹی سے متعلق سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (خوارک و ادویات انتظامیہ) کے کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ کانوڑ یاترا کے راستوں پر فروخت ہونے والی خوراک کی باقاعدگی سے جانچ کریں۔ اس کے ساتھ ہی دکانداروں کو یہ لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی دکانوں پر اپنا فوڈ لائسنس بورڈ نمایاں طور پر آویزاں کریں، تاکہ یہ صاف ظاہر ہو کہ ان کے پاس خوارک کی فروخت کا قانونی اجازت نامہ موجود ہے۔
کانوڑ یاترا، جو اتر پردیش میں ہر سال منعقد ہوتی ہے، ایک مذہبی اور ثقافتی اہمیت کی یاترا ہے۔ اس یاترا کے دوران بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کا آنا جانا ہوتا ہےجس کی وجہ سے یاترا کے راستوں پر عارضی دکانوں کا جم غفیر لگ جاتا ہے۔ تاہم، اکثر ان دکانوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل اور عوامی تحفظ سے متعلق مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ یو پی حکومت نے اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نیا انتظام تیار کیا ہے۔ اب کانوڑ یاترا کے راستوں پر صرف انہی دکانوں کو اجازت دی جائے گی جو متعلقہ افسران سے لائسنس حاصل کریں گی۔ اس کے علاوہ، ہر دکان کو مخصوص جگہوں پر ہی لگانے کی اجازت ہوگی۔
ریاستی حکومت کے مطابق، یہ اقدام یاتریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اٹھایا گیا ہے اور اس ضابطے کو نافذ کرنے کے لئے مختلف محکموں کے افسران مل کر کام کر رہے ہیں۔ مقامی انتظامیہ، پولیس اور فوڈسیفٹی محکمہ کے افسران اس سمت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دکانداروں کو لائسنس حاصل کرنے کے لئے درخواست دینے کا عمل آسان بنایا گیا ہے تاکہ وہ اپنی دکانیں قانونی طور پر قائم کر سکیں۔ اس کے علاوہ سیکوریٹی کے نقطہ نظر سے بھی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ یاتریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا سکے۔
پولیس محکمہ نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ کانوڑ یاترا کے دوران سیکوریٹی کا انتظام سخت کیا جائے گا۔ اس میں پولیس کی تعیناتی، ٹریفک کنٹرول، اور ایمرجنسی سروسیز کے لئے تیاری شامل ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے دکانداروں سے کہا ہے کہ وہ یاترا کے راستوں پر کسی بھی قسم کی بد نظمی پیدا نہ کریں اور ضابطوں کی پیروی کریں۔
واضح رہے کہ کانوڑ یاترا تو برسوں پرانی روایت ہے لیکن حالیہ برسوں میں ہندوتو تنظیموں نے دیگر ہندو تہواروں اور مذہبی تقریبات کی طرح کانوڑ یاترا کو بھی ہندو مسلم کشیدگی کا ذریعہ بنا لیا ہے اور یاترا روٹ پر پڑنے والے دکانوں میں مسلم دکانداروں کو باہر کیا جا رہا ہے اور اس کے لئے باقاعدہ چیکنگ مہم چلائی جا رہی ہے ، غنڈہ گردی کا عالم یہ ہے کہ مذہب کی شناخت کے لئے پتلون اتروانے کے بھی الزامات لگے ہیں ۔