کانوڑ یاترا سے پہلے یو پی پولیس کی گوشت کاروباریوں کے خلاف کارروائی

کانوڑ مہینے تک جاری رہے گی کارروائی ،500 نشانز د افراد کے خلاف کارروائی کی تیاری

نئی دہلی،03جولائی:۔

اتر پردیش میں یوگی حکومت میں یو پی پولیس بہت انٹلیجنٹ ہو گئی ہے۔جو جرم ابھی ہوا نہیں ہے اس کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی ہے ۔خاص طور پر مسلمانوں کے سلسلے میں یوگی کی پولیس کارروائی کرنے میں دو قدم آگے ہے ۔کانوڑ کا مہینہ شرو ع ہونے سے قبل ہی یوگی کی پولیس نے گوشت کاروباریوں کے درمیان خوف کا ماحول قائم کرنا شروع کر دیاہے ۔پولیس نے مغربی یوپی کے مظفر نگر میں گوشت کاکاروبار کرنے والے 90 لوگوں کے خلاف کارروائی کی ہے اور ابھی مزید 500 لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اور تعجب یہ ہے کہ یہ تمام کارروائی ابھی صرف شک کی بنیاد پر کی جا رہی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق مظفر نگر پولس نے 90 گوشت کے تاجروں کے خلاف دفعہ 151 کے تحت تھانے بلا کر کارروائی کی ہے۔پولیس افسر نے اپنے سرکاری بیان میں بتایا ہے کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی ہدایت پر 90 ملزمان کو تھانے بلا کر 151 چالان جاری کیے گئے ہیں۔پولیس نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ کی ہدایت پر 90 لوگوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ گؤ کشی جیسے سنگین جرم سے دو رہیں ورنہ مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔پولیس نے بتایا کہ ضلع مظفر نگر میں ایسے 500 لوگوں کو نشانزد کیا گیا ہے جن کے خلاف کارروائی کی جانی ہے ۔ان کو تھانے بلایا جائے گا اور ان کی تصدیق کی جائے گی کہ ان میں سے کوئی گؤ کشی کے جرم میں تو ملوث نہیں ہے ۔اگر کوئی ایسے جرم میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ جب تک کانوڑ کا مہینہ چلتا رہے گا یہ مہم اسی طرح جاری رہے گی۔

پولیس کی اس کارروائی پر سوال کھڑے ہو رہے ہیں کہ جو جرم ابھی ہوا نہیں ہے اس کے خلاف پہلے ہی کارروائی کی جا رہی ہے ۔صحافی وسیم اکرم تیاگی کے مطابق کانوڑیاترا کے پیش نظر مظفر نگر پولیس نے گوشت کے کاروبار میں ملوث 90 افراد کو تھانے بلایا۔ ان میں سے کچھ گائے ذبیحہ کے جرم میں ملوث ہو سکتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہے کہ یہ سب گائے کے ذبیحہ میں ملوث ہیں۔

اس کے باوجود مظفر نگر پولیس نے انہیں 151 کے تحت جیل بھیج دیا۔ انہیں جیل بھیجنے کی وجہ اور بھی عجیب ہے، پولیس کا خیال ہے کہ یہ لوگ گائے ذبح کر سکتے ہیں، اس لیے ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ، حیرت انگیز ہے نا؟