کانوڑ یاترا سے پہلے یوپی کے وزیر کی مسلمانوں کو نصیحت
اتر پردیش کے وزیل کپل دیو اگرال نے مسلمانوں کو ہندو دیوتاؤں کے نام پر دکان کا نام نہ رکھنے کی تلقین
نئی دہلی ،06جولائی :۔
ساون کے مہینے کے آغاز کے ساتھ کانوڑ یاترا کی شروعات ہو رہی ہے۔ ہر سال کانوڑ یاترا کو لیکر تنازعات کو دیکھتے ہوئے یوپی حکومت خاطر خواہ تیاریاں کر رہی ہیں مگر دریں اثنا یوپی کے ایک وزیر کا مسلمانوں کے تعلق سے بیان سرخیوں میں ہے۔ اتر پردیش کے وزیر کپل دیو اگروال نے مظفر نگر میں کانوڑ یاتروں کی خدمت کے لئے کیمپ چلانے والوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے بعد کپل دیو اگروال نے کہا کہ جو مسلمان کانوڑ میلے میں ہندو دیوی دیوتاؤں کے نام پر اپنی دکانیں چلاتے ہیں انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
کپل دیو اگروال نے کہا، ’’کانوڑ میلے میں مسلمان اپنی دکانیں ہندو دیوتاؤں کے نام پر چلاتے ہیں۔ ہمیں ان کے دکان چلانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن انہیں ہندو دیوی دیوتاؤں کے نام پر دکان کا نام نہیں دینا چاہئے کیونکہ باہر سے آنے والے یاتری وہاں بیٹھ کر چائے پانی پیتے ہیں اور جب انہیں اس کا پتہ چلتا ہے تو تنازعہ کھڑا ہو جاتا ہے۔ اس لیے اس معاملے میں شفافیت کا ہونا ضروری ہے۔ تاکہ بعد میں کسی جھگڑے کا سبب نہ بنے۔‘‘
خیال رہے کہ کچھ دن پہلے اتر پردیش کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) پرشانت کمار نے آنے والی کانوڑ یاترا اور محرم کے حفاظتی انتظامات کو لے کر افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور انہیں مختلف ہدایات دیں۔اس بار کانوڑ یاترا اور محرم ایک ساتھ ہونے کی وجہ سے یو پی انتظامیہ چوکس اور مستعد ہے،محرم کے جلوس اور کانوڑ یاترا کے روٹ طے کر نے میں مصروف ہے۔