کانوڑیوں کی ہنگامہ آرائی جاری ،گندی پھیلانے سے منع کرنےبے رحمی سے پیٹا
مظفر نگر میں پیٹرول پمپ پر آم کی گٹھلی پھینکنے سے منع کرنے پر منوج نامی ملازمی کی جم کر پٹائی کی ،اسپتال میں داخل
نئی دہلی ،مظفرنگر25 جولائی :۔
کانوڑ یاترا شروع ہو چکی ہے۔حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے متعدد مقامات پر کانوڑیوں کے لئے انتظامات کئے جا رہے ہیں ،ان کی آستھا اور عقیدت کا احترام کرتے ہوئے راستوں کو بلا کر دیا گیا ہے،روٹ ڈائیورٹ کئے جا رہے ہیں گوشت کی دکانوں اور مسلمانوں کی دکانوں کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔تاکہ کانوڑیوں کو کوئی پریشانی نہ ہو لیکن کانوڑ یئے ان تمام نزاکت بر داری کا کچھ اور ہی مظاہرہ کر رہے ہیں ۔آئے دن ہنگامہ اور توڑ پوڑ کا سلسلہ جاری ہے۔کہیں معمولی کہا سنی پر پیٹ پیٹ کر قتل کر دینے پر آمادہ ہیں تو کہیں گاڑی ٹچ کر جانے پر گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کر رہے ہیں ۔
اس طرح کی ہنگامہ آرائی کی خبریں مسلسل منظر عام پر آ رہی ہیں۔ اتر پردیش کے مظفر نگر میں ایک بار پھر کانوڑ یاتریوں نے توڑ پھوڑ اور لوگوں کے ساتھ مار پیٹ کی۔ رپورٹ کے مطابق مظفر نگر میں دہلی-دہرادون قومی شاہراہ 58 پر منصور پور تھانہ علاقے میں ایک پٹرول پمپ پر ہنگامہ آرائی کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرول پمپ پر آم کی گٹھلی پھینکنے سے منع کیا تو کانوڑ یاتری مشتعل ہو گئے اور پٹرول پمپ کے دفتر میں گھس گئے اور توڑ پھوڑ کی۔ اتنا ہی نہیں وہاں موجود پمپ کے ملازمین کو بھی لاٹھیوں سے شدید طور پر زدوکوب کیا گیا۔ زخمی ملازمین کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ہنگامہ آرائی کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو رہی ہیں۔ اس واقعہ پر سی او کھتولی راماشیش یادو نے بتایا کہ بدھ 24 جولائی کو شام تقریباً 4 بجے کچھ کانوڑ یاتریوں نے منصور پور علاقے کے بیگراج پور میں ایک پٹرول پمپ پر قیام کیا تھا۔ دریں اثنا، کانوڑ یاتریوں نے آم کھائے اور گٹھلیاں وہیں پھینک دیں۔ جب پٹرول پمپ ملازمین نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا تو مشتعل کانوڑیوں نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے تشدد برپا کر دیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کانوڑیوں کا گروپ کس طرح بے رحمی سےمنوج کمار نامی ملازم کو پیٹ رہے ہیں ۔بری طرح زخمی منوج کمار کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں منوج کے والد وجے پال نے کہا کہ میرے بیٹے منوج نے انہیں یہاں بیڑی پینے سے منع کیا تھا جسکے بعد انہوں نے پیٹائی شروع کر دی۔