کانوڑیاترا:چورطرفہ تنقید کے بعد حکومت نیند سے جاگی،ترشول ،ہاکی اسٹیک اور اسلحہ لے جانے پر پابندی

 اترا کھنڈ سے مغربی یوپی تک متعدد مقامات پر کانوڑیوں کی ہنگامہ آرائی،توڑ پھوڑ اور مار پیٹ کی خبروں کے بعد یوگی حکومت نے سخت قدم اٹھانے کا دعویٰ کیا

دعوت ویب ڈیسک

نئی دہلی ،20 جولائی :۔

کانوڑیوں کی ہڑدنگی،مارپیٹ کرنے ،ڈھابوں میں توڑپھوڑاورہنگامہ کی خبریں تو مسلسل سرخیوں میں ہے مگر اس کے باوجود انتظامیہ اب تک سوتا رہا ہے۔بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کرتا نظر آیا ہے۔گزرتے ساون کے ساتھ کانوڑیوں کی ہنگامہ آرائی اور چوطرفہ تنقید نے انتظامیہ کو سخت قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا ہے ۔ حکومت نے اب کانوڑیوں پر اسلحہ لے جانے ،ہاکی اسٹیک رکھنے اور ترشول لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔

دریں اثنا ہفتہ کو مرزا پور میں کانوڑیوں نے ایک ایسا کارنامہ انجا دیا جو حیران کن ہی نہیں بلکہ کانوڑیوں کے حوصلے اور بے خوفی کا بھی ثبوت دے رہا ہے ۔  اترپردیش کے مرزا پور ریلوے اسٹیشن پر سنیچر کو اس وقت ہنگامہ ہوا جب کانوڑ یاترا پر نکلے کچھ نوجوانوں نے سی آر پی ایف کے ایک جوان کی بے دردی سے پٹائی کی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جوان برہم پترا ایکسپریس کو پکڑنے کے لیے ٹکٹ خرید رہا تھا۔ اس دوران اس کا کچھ کانوڑیوں سے جھگڑا ہوا جو بعد میں تشدد میں بدل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق جب جھگڑا بڑھ گیا تو کانواڑیوں نے جوان کو گھیر لیا اور اسے لاتوں، گھونسوں اور تھپڑوں سے بری طرح پیٹا اور اسے ریلوے اسٹیشن کے فرش پر لیٹادیا۔ جوان مدد کے لیے چیختا رہا لیکن بھیڑ میں موجود  لوگ ویڈیو بناتے رہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا اور 5 سے 7 کانوڑیوں کو حراست میں لے لیا۔ ان تمام کے خلاف سرکاری ملازم پر حملہ، بدسلوکی اور امن کی خلاف ورزی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ہے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کانوڑیوں کو اتحاد اور بھائی چارے کی مثال قرار دیا تھا اور تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنائی تھی۔مگر اچانک حکومت نے کانوڑیوں پر اسلحہ لے جانے اور ہاکی اسٹیک اور لاٹھی ڈنڈے رکھنے پر پابندی کیوں عائد کرنی پڑی؟سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب کانوڑ یاتری بھائی چارے اور امن کی مثال پیش کر رہے ہیں تو یہ ہنگامہ کرنے والے کون ہیں جن پر یہ پابندیاں عائد کرنے کی ضرورت پڑ رہی ہے ۔در اصل کانوڑیوں کے ہڑدنگ اور مار پیٹ کی خبروں میں مسلسل اضافہ کو دیکھتے ہوئے مجبوراً انتظامیہ کو یہ قدم اٹھانا پڑا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اتر پردیش پولیس نے کانوڑ یاترا میں شامل کانوڑیوں کے لاٹھی،ترشول،ہاکی اسٹیک اور اسی طرح دیگر چیزیں لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ یہ پابندیاں یاترا روٹ کے اہم اضلاع جیسے میرٹھ مظفر نگر،شاملی،سہارنپور،بلند شہر،ہاپوڑ اور باغپت میں نافذ ہے۔

افسران نے صوتی آلودگی اور عوامی ہنگامہ کو روکنے کے لئے بغیر سائلنسر والی موٹر سائیکلوں کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی ہے۔افسران نے واضح کیا کہ ہتھیاروں کا مظاہرہ چاہے علامتی ہی کیوں نہ ہو انہیں ساتھ لے کر چلنا برداشت نہیں کیاجائے گا۔اے ڈی جے میرٹھ زون بھانو بھاسکر نے بتایا کہ حکومت نے اس پر روک لگانے کی واضح ہدایت دی ہے ۔ ہم ان کی سختی سے عمل در آمد کرا رہے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہیں۔