ڈنمارک: قرآن نذر آتش کرنے کو غیرقانونی قرار دینے کا قانون منظور
کوپن ہیگن ،08دسمبر :۔
یورپ میں واقع خوبصورت ملک ڈنمارک گزشتہ کئی برس سے اپنے ایک متنازعہ قانون کی وجہ سے سرخیوں میں ہے ۔اس قانون کے تحت شدت پسندوں کی جماعت وہاں قرآن نذرآتش کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کی بارہا کوشش کی ہے ۔لیکن اب ڈنمار ک کی پارلیمان نے جمعرات کو عوامی مقامات پر قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کو غیر قانونی قرار دینے کا قانون منظور کر لیا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ نئے قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ یا دو سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
اسلام کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کے خلاف مسلم ممالک میں مظاہروں کے بعد ڈنمارک کی سلامتی کے حوالے سے تشویش پیدا ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق ڈنمارک اور سویڈن میں رواں سال عوامی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا جہاں اسلام مخالفوں نے قرآن مجید کو نذر آتش کیا یا نقصان پہنچایا جس سے مسلمانوں کے ساتھ کشیدگی بڑھ گئی اور یہ مطالبہ کیا گیا کہ ڈنمارک حکومت اس عمل پر پابندی عائد کریں۔
ڈنمارک نے مذہب پر تنقید کرنے کے حق سمیت اظہار رائے کی آزادی جسے آئینی تحفظ حاصل ہے اور قومی سلامتی کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کی کیوں کہ خدشہ تھا کہ قرآن نذر آتش کرنے سے اسلام پسندوں کی جانب سے حملے شروع ہو سکتے ہیں۔
سویڈن اور ڈنمارک کے مقامی ناقدین کا استدلال ہے کہ مذہب پر تنقید پر پابندی بشمول قرآن جلا کر مذہب پر تنقید پر پابندی سے ان لبرل آزادیوں کو نقصان پہنچتا ہے جو سخت جدوجہد کے بعد حاصل کی گئیں۔پابندی کی مخالفت کرنے والے اور ترک وطن کے خلاف مہم کے رہنما انگر سٹوجبرگ کے بقول: ’تاریخ اس کے لیے ہمیں سختی سے جانچے گی، اور معقول وجہ کے ساتھ … یہ سب اس بات پر منحصر ہے کہ آیا اظہار رائے کی آزادی پر پابندی کا تعین ہم کرتے ہیں یا اس کا حکم باہر سے دیا جاتا ہے۔‘
ڈنمارک کی اعتدال پسند مخلوط حکومت نے دلیل دی کہ نئے قوانین کا اظہار رائے کی آزادی پر معمولی اثر پڑے گا اور دوسرے طریقوں سے مذہب پر تنقید کرنا قانونی رہے گی۔