چھتیس گڑھ میں دو ماہ تک راشن کارڈ نہ رکھنے والوں کو بھی مفت راشن فراہم کیا جائے گا:وزیر اعلی
چھتیس گڑھ، اپریل 16: چھتیس گڑھ حکومت نے بدھ کے روز ریاست میں راشن کارڈ نہ رکھنے والے خاندانوں کے لیے بھی دو ماہ کے لیے عوامی تقسیم کے نظام کے ذریعے مفت راشن کا اعلان کیا۔ یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کورونا وائرس کی وجہ سے پورا ملک 3 مئی تک لاک ڈاؤن میں ہے۔
اس بات کا اعلان ریاست کے وزیر اعلی بھوپش بگھیل نے اپنی یومیہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ لاک ڈاؤن کے دوران ریاست میں کوئی بھی بھوکا نہ رہے۔
گذشتہ ہفتے بگھیل نے 56 لاکھ راشن کارڈ رکھنے والوں کو دو ماہ تک مفت راشن دینے کا اعلان کیا تھا۔ نیشنل ہیرالڈ کے مطابق انھوں نے کہا تھا ’’ریاست میں 65 لاکھ راشن کارڈ ہولڈر ہیں، جن میں سے 56 لاکھ خطِ افلاس کے نیچے رہتے ہیں۔ ہم نے دو ماہ کے لیے انھیں مفت راشن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم نے دو مہینوں کے لیے 70 کلوگرام راشن فراہم کی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 40 لاکھ خاندانوں نے اپنے راشن حاصل کر لیے ہیں۔‘‘
بگھیل نے بدھ کے روز کہا کہ چھتیس گڑھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش میں لاک ڈاؤن ابھی بھی نافذ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ 21 اپریل کو حکومت ریاست کی صورت حال کی بنیاد پر مزید فیصلے کرے گی۔ مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق آج صبح تک چھتیس گڑھ میں کوویڈ 19 کے صرف 33 واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں سے 17 صحت یاب ہو گئے ہیں اور کسی موت کی اطلاع نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ان اضلاع میں کرفیو میں نرمی کی جائے گی جو کورونا وائرس کے معاملے میں کوئی نئی اطلاع نہیں دے رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا ’’لہذا یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے اضلاع میں لاک ڈاؤن کی سختی سے پیروی کریں۔‘‘ بگھیل نے کہا کہ لوگوں کو گھر سے باہر نکلنے پر ماسک پہننا چاہیے، باقاعدگی سے اپنے ہاتھ دھونے چاہئیں اور معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھنا چاہیے۔