چندریان ۔3 ٹیم کا حصہ تھے اسرو کے مسلم نوجوان سائنسداں اریب احمد
مغربی یو پی کے مظفر نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے اریب کہتے ہیں کہ یہ مشن ہمیشہ میرے دل میں تھا
نئی دہلی ،17جولائی :۔
گزشتہ روز 14 جولائی کو جب اسرو کی جانب سے چندریان 3 کا کامیاب تجربہ کیا گیا تو پوری دنیا میں ہندوستان کی تکنیکی صلاحیت کا ڈنکا بجا اور دنیا بھر سے مباکبادیوں کے پیغامات موصول ہوئے ،یہ ایک تاریخی لمحہ تھا جب سارے ہندوستانیوں کا سر فخر سے بلند ہو ا۔ اس مشن کی کامیابی کا پورا سہرا ہمارے عظیم سائنسداں کو جاتا ہے، جنہوں نے چندریان 3 کا کامیاب تجربہ کرنے کے لیے دن رات کام کیا۔
اس عظیم کامیابی کو عملی انجام تک پہنچانے میں جس ٹیم نے محنت کی ہے اس ٹیم میں ایک مسلم نوجوان کا نام بھی شامل ہے ،جنہوں نے اس تاریخی لمحہ کو قوم کے لئے مزید قابل فخر بنا دیا ہے ۔مغربی اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع کے مٹھو لال محلہ سے تعلق رہنے والے مسلم سائنسداں کا نام اریب احمد ہے ۔اریب احمد کو آج قوم کی جانب سے مشن چندریان 3 کی کامیابی پر مبارکبادی کے پیغام موصول ہو رہے ہیں ،ان پر قوم کو فخر ہے۔
رپورٹ کے مطابق اریب احمد سری ہری کوٹہ میں اسرو کے انجینئر سیکشن میں سائنسداں ہیں، تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل ان کے سیکشن کو چندریان-3 جانچ کے لیے ملا تھا، ان کی ٹیم کی جانچ کے بعد ہی چندریان-3 کو دوسرے سیکشن میں بھیجا گیا تھا اور اسے گزشتہ جمعہ کو لانچ کیا گیا۔جس نے دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کی اور ہندوستان کو اپنی ایک الگ شناخت قائم کرنے کا موقع فراہم کیا۔
اریب کے مطابق، وہ سال 2021 سے اسرو میں کام کر رہے ہیں، جب سے وہ اسرو میں شامل ہوئے، چندریان -3 کی تیاریاں چل رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آج اس ٹیم کا حصہ بن کر بہت خوش ہوں، مشن چندریان-3 ہمیشہ میرے دل میں تھا۔
اریب کے اہل خانہ نے بھی چندریان تھری کے کامیاب ٹیسٹ پر خوشی کا اظہار کیا ہے، ان کے والد قاضی مہتاب ضیاء کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ ہمارا بیٹا اتنے بڑے مشن کا حصہ تھا۔ ماما اسد فاروقی کا کہنا ہے کہ یہ فخر کی بات ہے۔ اریب شروع سے ہی پرعزم تھا اور اپنی محنت کے بل بوتے پر آگے بڑھا۔ ہولڈن ہارٹ اکیڈمی سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد اس نے فوڈ کارپوریشن آف انڈیا میں ملازمت مل گئی اور یہاں رہتے ہوئے دوسری ملازمت کے لیے تیاری کی ۔ یہیں سے دو سال قبل اسرو میں اس کا انتخاب ہوا تھا۔