چندرابابو نائیڈو ملک کے سب سے دولت مند وزیر اعلیٰ
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی کے پاس صرف 15 لاکھ، اے ڈی آر کی رپورٹ میں انکشاف
نئی دہلی ،31 دسمبر :۔
ملک میں کس وزیر اعلیٰ کے پاس کتنی دولت ہے اس کی ایک رپورٹ سامنے آئی ہے۔ ایسو سی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس (اے ڈی آر) کے ذریعہ جاری رپورٹ کے مطابق آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو 931 کروڑ روپے سے زیادہ جائیداد کے ساتھ ہندوستان کے سب سے امیر وزیر اعلیٰ ہیں جبکہ مغربی بنگال کی ممتا بنرجی صرف 15 لاکھ روپے کے ساتھ سب سے کم دولتمند وزیر اعلیٰ ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی قانون ساز اسمبلیوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ہر ایک وزیر اعلیٰ کی اوسط املاک 52.59 کروڑ روپے ہے جبکہ ہندوستان کے فی شخص کی خالص قومی آمدنی 24-2023 کے لیے تقریباً 185854 روپے رہی۔ وہیں ایک وزیر اعلیٰ کی اوسط خود-آمدنی 1364310 روپے ہے جو ہندوستان کے اوسط فی شخص آمدنی کا تقریباً 7.3 گنا ہے۔
ملک کے 31 وزراء اعلیٰ کی کُل جائیداد 1630 کروڑ روپے ہے۔ ملک کے 31 وزراء اعلیٰ میں صرف دو خواتین ہیں۔ مغربی بنگال کی ممتا بنرجی اور دہلی کی آتشی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اروناچل پردیش کے پیما کھانڈو 332 کرور روپے سے زیادہ کی کُل جائیداد کے ساتھ دوسرے سب سے امیر وزیر اعلیٰ ہیں۔ وہیں کرناٹک کے سدارمیا 51 کروڑ روپے سے زیادہ کی املاک کے ساتھ فہرست میں تیسرے مقام پر ہیں۔ اسی طرح جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ 55 لاکھ روپے کی جائیداد کے ساتھ فہرست میں دوسرے سب سے کم دولتمند وزیر اعلیٰ ہیں۔ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین کے پاس 1.18 کروڑ روپے کی دولت ہے۔
اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو پر سب سےز یادہ 118 کروڑ روپے کا قرض ہے جبکہ سدارمیا پر 23 کروڑ اور نائیڈو پر 10 کروڑ روپے سے زائد کے لائبلیٹیز ہیں۔
اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق دیگر وزراء اعلیٰ میں ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو کی کُل جائیداد 46 کروڑ روپے ہے جبکہ ان پر 8 لاکھ روپے کا قرض ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو کے پاس 42 کروڑ روپے کی جائیداد ہے جبکہ 8 کروڑ روپے کا قرض ہے۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے پاس 25 کروڑ روپے کی جائیداد ہے اور ان پر 3 کروڑ کا قرض ہے۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے پاس 17 کروڑ کی جائیداد اور 3 کروڑ کا قرض ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے پاس 13 کروڑ کی جائیداد ہے جبکہ ان پر 62 لاکھ روپے کا قرض ہے۔
گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل کے پاس 8 کروڑ روپے کی جائیداد ہے جبکہ 1 کروڑ کا قرض ہے۔ ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کے پاس 7 کروڑ کی دولت ہے جبکہ 22 لاکھ کا قرض ہے۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سینی کی دولت 5 کروڑ ہے جبکہ ان پر 74 لاکھ روپے کا قرض ہے۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کے پاس 4 کروڑ کی جائیداد ہے جبکہ 47 لاکھ کا قرض ہے۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو کے پاس 3 کروڑ کی جائیداد اور 65 لاکھ کا قرض ہے۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے پاس 1 کروڑ کی دولت ہے جبکہ 30 لاکھ روپے قرض ہیں۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے پاس 1 کروڑ کی جائیداد ہے اور قرض صفر ہے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے پاس 1 کروڑ روپے کی جائیداد ہے جبکہ کوئی قرض نہیں ہے۔ راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کے پاس 1 کروڑ کی دولت ہے اور 46 لاکھ روپے قرض ہیں۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کے پاس 1 کروڑ روپے کی جائیداد ہے جبکہ ان پر کوئی قرض نہیں ہے۔