چار سو سیٹیں ملیں تو متھرا اور کاشی میں بھی بنے گا مندر:ہیمنت بسوا سرما
نئی دہلی،15مئی :۔
لوک سبھا 2024 کے انتخابات کے دوران بی جے پی ابتدا سے 400 پار کے نعرے لگا رہی ہے ۔بی جے پی کے اس نعرے پر اپوزیشن کی جانب سے الزامات بھی عائد کئے جا رہے ہیں کہ اس بار اگربی جے پی جیت گئی تو قانون اور آئین کو تبدیل کر دیا جائے گا اور الیکشن نہیں ہوں گے۔لیکن بی جے پی اس کی تردید کرتی ہے اور اسے اپوزیشن کا محض الزام قرار دے رہی ہے ۔مگر اس کے بر عکس متعدد مرتبہ خود بی جے پی کے رہنماؤں نے انتخابی تشہیر کے دوران چار سو پار کا جواب دیا ہے۔بی جے پی رہنماؤں نے کہا کہ قانون می تبدیلی کے لئے چار سو سے زیادہ سیٹیں چاہئیں۔ایک بار پھر آسام کے وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے رہنما ہیمنت بسو سرما نے چار سو سیٹیں کیوں ضروری ہے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چار سو سیٹیں ملیں تو متھرا اور کاشی میں بھی ایودھیا کی طرح مندر تعمیر کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار ہرش ملہوترا کے حق میں لکشمی نگر میں انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں جب بی جے پی 400 کے پار جائے گی تو متھرا میں کرشن جنم بھومی پر مندر تعمیر کیا جائے گا اور کاشی میں گیانواپی مسجد کے مقام پر بابا وشوناتھ کا مندر تعمیر ہوگا۔
نہوں نے کہا کہ مغلوں نے جو بھی کارنامہ انجام دیا تھا، اس میں سے ابھی بہت کچھ صاف کرنا باقی ہے۔ آسام کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی نے ایودھیا میں عالیشان رام مندر تعمیر کرنے کے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، اس لئے اس مرتبہ جیت بھی بڑی ہونی چاہئے۔