چار سال بعد بلآخر شرجیل امام کو ملی ضمانت مگر جیل سے رہائی ابھی نہیں

شرجیل امام کو جیل میں ہی رہنا پڑے گا کیونکہ وہ 2020 کے دہلی فسادات سے متعلق ایک بڑے سازشی کیس میں بھی ملزم ہیں

نئی دہلی،29مئی :۔
دہلی فسادات اور ملک سے غداری معاملے میں بالآخر چار سال جیل میں گزارنے کے بعد شرجیل امام کو ضمانت مل گئی ہے۔ شرجیل کے خلاف ان کی مبینہ اشتعال انگیز تقاریر پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں عدالت نے قانونی ضمانت منظور کر لی ہے۔
تاہم شرجیل امام کو جیل میں ہی رہنا پڑے گا کیونکہ وہ 2020 کے دہلی فسادات سے متعلق ایک بڑے سازشی کیس میں بھی ملزم ہیں۔ شرجیل کو اس کیس میں 28 جنوری 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا اور تب سے وہ جیل میں ہیں۔ بار اور بنچ کے مطابق جسٹس سریش کمار کیت اور جسٹس منوج جین کی ڈویژن بنچ نے امام کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ انہوں نے ٹرائل کورٹ کے اس کیس میں ضمانت مسترد کرنے کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔
امام نے سات سال کی زیادہ سے زیادہ سزا کے نصف کی سزا کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست کی تھی۔ امام کا استدلال تھا کہ وہ سات سال کی زیادہ سے زیادہ سزا میں سے چار سال پہلے ہی جیل میں گزار چکے ہیں اس لیے وہ قانونی ضمانت کا حقدار ہے۔اس مقدمے میں امام کی جانب سے وکلا طالب مصطفیٰ اور احمد ابراہیم پیش ہوئے۔ دہلی پولیس کی جانب سے ایس پی پی رجت نائر نے وکالت کی۔
رپورٹ کے مطابق امام کی نمائندگی کرنے والے مصطفیٰ نے کہا کہ امام نے زیادہ سے زیادہ سات سال کی سزا میں سے چار سال اور سات ماہ گزارے ہیں۔تاہم، نائر نے سی آر پی سی کی دفعہ 436 اے کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی۔ نائر نے کہا کہ وہ کسی قانونی ضمانت کے حقدار نہیں ہیں۔عدالت نے یہ حکم اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے دیا ہے کہ شرجیل امام اپنے خلاف لگائے گئے جرائم کی نصف سزا کاٹ چکے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ امام نے ٹرائل کورٹ کے غداری کیس میں ضمانت دینے سے انکار کرنے کے حکم کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔17 فروری کو، ٹرائل کورٹ نے ان کی درخواست کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا کہ ان کی تقاریر اور سرگرمیوں نے عوام کو متحرک کیا، جس سے قومی دارالحکومت میں خلل پڑا اور یہ 2020 کے فسادات کے پھوٹنے کی بنیادی وجہ ہو سکتی تھی۔
واضح رہے کہ جنوری 2022 میں، دہلی کی ایک عدالت نے اتر پردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور دہلی کے جامعہ علاقے میں شرجیل امام کی جانب سےمبینہ اشتعال انگیزبیانات و تقاریر کے سلسلے میں بغاوت کے الزامات کا حکم دیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت نے شرجیل امام کے خلاف دفعہ 124A (بغاوت)، 153A، 153B، 505 IPC اور UAPA کی دفعہ 13 کے تحت الزامات عائد کرنے کا حکم دیا تھا۔ شرجیل امام، جے این یو کے سابق طالب علم اور شاہین باغ احتجاج کے اہم منتظمین میں سے ایک رہے۔شرجیل امام کو پولیس نے 2020 میں بہار کے جہان آبادسے گرفتار کیا تھا ۔