پی ایم او کا افسر بتا کر دھوکہ دہی کرنے والا فرضی افسر گرفتار
گجرات کا رہنا والا ٹھگ کرن بھائی پٹیل متعدد مرتبہ فائیو اسٹار ہوٹل میں سرکاری مہمان بن کر سرکاری سروس کا لطف اٹھاتا رہا ،
نئی دہلی،18مارچ :۔
کچھ دھوکہ دہی کی واردات ایسی ہوتی ہیں جن پر عقل حیران رہ جاتا ہے ۔اور آدمی بے اختیار سر پکڑ لیتا ہے ایسے ہی ایک ٹھگ گرفتار ہوا ہے جن کی کارستانیاں حیران کر دینے والی ہیں۔جموں و کشمیر پولیس نےایک ایسے ٹھگ کو گرفتار کیا ہے جو خود کو وزیر اعظم دفتر میں ٹاپ رینک کا افسر بتا کر ایک لمبے عرصے سے سرکاری تعیش کا لطف اٹھا رہا تھا۔ پولیس نے اسے سری نگر شہر سے گرفتار کیا ہے۔ پکڑا گیا شخص گجرات کا رہنے والا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس نے سرکاری مہمان بن کر متعدد ریاستوں اور سیاحتی مقامات کا سفر کر چکا ہے ۔ ہر بار نہ صرف فائیو اسٹار ہوٹل میں سرکاری مہمان بن کر رہا بلکہ زیڈ پلس سیکورٹی میں حساس علاقوں کی سیر بھی کرتا رہا اور سرکاری سروس کا لطف اٹھاتا رہا۔ اور تعجب تو یہ ہے کہ اس ٹھگ کی مہمان نوازی میں سرکاری افسر بچھے چلے جاتے تھے ،اور اس کے ہر عیش و آرام کا خیال رکھتے تھے ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کشمیر میں ایک بار وہ فیملی کے ساتھ بھی آیا تھا اور کئی دن تک ٹھہرا تھا۔ خبروں کے مطابق ایک بار وہ اُری دورے پر گیا اور سخت حفاظت کے درمیان ہند-پاک سرحد پر کمان امن سیتو کو دیکھنے پہنچا۔ اس دوران اس کے پاس نیم فوجی دستہ کی سیکورٹی تھی۔
رپورٹ کے مطابق احمد آباد کے کرن بھائی پٹیل ایک ماہ سے زائد عرصے تک فائیو اسٹار ہوٹل میں رہا۔ اسے ایک بلٹ پروف کار اور پولیس اور نیم فوجی دستے فراہم کیے گئے تھے۔اس شخص نے حکومت کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کیں اور مسلح پولیس اور نیم فوجی گارڈز کے ساتھ مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ بھی کیا۔گزشتہ 2 مارچ کو، سی آئی ڈی نے پولیس کو کشمیر میں ایک فرضی افسر کی آمد کی اطلاع دی۔
پولیس فوری طور پر حرکت میں آگئی اور ایس پی ایسٹ کی قیادت میں ایک ٹیم کو ہوٹل بھیجاگیا۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اس کے جوابات مشکوک پائے گئے۔ اسے تھانہ نشاط لے جایا گیا جہاں اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس کے پاس سے دس جعلی وزیٹنگ کارڈ اور دو موبائل ضبط کیے گئے ہیں۔آئی پی سی کی دفعہ 419,420,467,468 اور 471 کے تحت تھانہ نشاط میں مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کر دی گئی۔
کشمیر پولیس نے بتایا کہ ایس پی ایسٹ سری نگر، ایس ڈی پی او نہرو پارک اور ایس ایچ او نشاط کی ایک ٹیم تحقیقات کی قیادت کر رہی ہے۔ ملزم کرن بھائی پٹیل کو پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں کئی متعلقہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ کیس تفتیش کے ابتدائی مرحلے میں ہے۔ اس کیس کی مزید تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ دھوکہ باز کے خلاف گجرات کے مختلف تھانوں میں تین مقدمات درج ہیں: راؤ پورہ پولیس اسٹیشن، بڑودہ شہر میں 8 اگست 2019 کو ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس سے قبل نرودا پولیس اسٹیشن احمد آباد سٹی نے 2017 میں اس کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ، اراولی نے اگست 2019 میں اس پر دفعہ 120B، 406، اور 420 IPC کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔