پیلی بھیت میں یوپی ایس ٹی ایف کا انکاؤنٹر ،3خالصتانی کارکن ہلاک
نئی دہلی ،23 دسمبر :
آج پیر کو صبح پیلی بھیت میں یو ایس ٹی ایف اور پنجاب پولیس کی مشترکہ ٹیم کے ذریعہ ایک انکاؤنٹر میں تین مشتبہ خالصتانی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ۔ پنجاب کے ڈی جی پی گورو یادو نے سب سے پہلے ٹویٹ کرکے اس کی جانکاری دی۔یوپی پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت گرویندر سنگھ (25)، وریندر سنگھ عرف روی (23) اور جسپریت سنگھ عرف پرتاپ سنگھ (18) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ سبھی گورداسپور کے رہنے والے ہیں۔ یہ انکاؤنٹر پیلی بھیت ضلع کے پورن پور علاقے میں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق یوپی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل امیتابھ یش نے کہا کہ یہ تینوں پنجاب کے گورداسپور میں پولیس چوکی پر گرینیڈ حملے میں ملوث تھے۔ تینوں کو انکاؤنٹر میں شدید زخمی کیا گیا تھا اور انہیں فوری طور پر علاج کے لیے سی ایچ سی پورن پور لے جایا گیا تھا۔ جہاں ان کی موت ہو گئی۔
یوپی پولیس کے ڈی جی پی پرشانت کمار نے ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ تینوں مشتبہ افراد کی موت ہو گئی ہے۔ پرشانت کمار نے کہا- زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے لے جایا گیا، جہاں بعد میں ان کی موت ہو گئی۔ آپریشن کے نتیجے میں دو AK رائفلیں اور دو پستول بھی برآمد ہوئے، جو کہ ماڈیول کی مزید نقصان پہنچانے کی صلاحیت میں نمایاں رکاوٹ کی نشاندہی کرتے ہیں۔ دریں اثنا پولیس نے کہا کہ اس دہشت گرد نیٹ ورک کے بقیہ عناصر کی شناخت اور انہیں ختم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔