پیشاب معاملہ:پرویش شکلا کی حمایت میں اکھل بھارتیہ برہمن مہاسبھا کا احتجاج،شیو راج سرکار کے خلاف نعرے بازی
نئی دہلی،11جولائی:۔
مدھیہ پردیش میں قبائلی نوجوان کے اوپر پرویش شکلا کے ذریعہ پیشاب کرنے کا معاملہ ختم نہیں ہو رہا ہے ۔پرویش شکلا کے خلاف کی گئی کارروائی سے اب برہمن سماج ناراض ہو گیا ہے اور مدھیہ پردیش کے شیو راج سرکار کے خلاف کھل کر سڑکوں پر آ گیا ہے ۔ریاست میں متعدد مقامات پر برہمن سماج کے لوگ پرویش شکلا کی حمایت میں اور شیو راج حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔گزشتہ روز ودیشا میں احتجاج کے بعد آج سیدھی میں احتجاج کرتے ہوئے شیو راج حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور کلکٹر کو اپنے مطالبات پر مشتمل میمو رینڈم بھی پیش کیا۔
رپورٹ کے مطابق آل انڈیا برہمن مہا سبھا کے زیر اہتمام اس مظاہرہ میں بڑی تعداد میں برہم سماج کے لوگ شامل ہوئے اور انہوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ،برہمن سماج پر ظلم بند کرو ،برہمن سماج پر اتیاچار اب نہیں چلے ،شیو راج مردہ آباد کے نعرے لگائے ۔ جب کلکٹر نے ملاقات کا وقت نہیں دیا تو برہمن برادری نے ڈی ایم کے دفتر کے باہر پوسٹر لگائے۔ یہی نہیں گدھے کا پوسٹر لگا کر گدھے کو میمورنڈم بھی سونپا گیا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ شکلا پر کی گئی کارروائی کی تلافی کی جائے،این ایس اے کو ہٹانے کا مطالبہ، بلڈوزر ایکشن کے خلاف احتجاج،10 لاکھ کے معاوضے کا مطالبہ
آل انڈیا برہمن مہاسبھا کے قومی صدر کلدیپ بھردواج نے احتجاج کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جلد فیصلہ نہ کیا تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔ اس کے لیے انہوں نے حکومت کو مانسون اجلاس تک کا وقت دیا ہے۔دریں اثنا مہا سبھا کے قومی صدر کلدیپ بھاردواج کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ اس کارروائی پر سوال کھڑے کر رہے ہیں ۔انہوں نے نہایت حیران کن طریقے سے کہا کہ کسی شخص پر پیشاب کرنا کوئی جرم ہے ،قانون میں کہاں لکھا ہے کہ کسی پر پیشاب کرنا جرم ہے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اکھل بھارتیہ برہمن سماج کے کارکنان نے پرویش شکلا کے گھر پہنچ کر انہدامی کارروائی کی مخالفت کی تھی اور اس موقع پر پرویش شکلا کے خاندان کو 51 ہزار روپے کی مدد بھی کی گئی تھی ۔برہمن سماج نے کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا ہم اس کارروائی کے خلاف پرویش شکلا کے ساتھ کھڑے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پرویش شکلا کے ذریعہ ایک قبائلی شخص پر پریشاب کرنے کا ویڈیو وائرل ہوا جس کے بعد مدھیہ پردیش کی شیو راج سنگھ سرکار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پرویش شکلا کے خلاف این ایس اے کے تحت معاملہ درج کیا اور اس کے گھر پر بھی بلڈوزر کی کارروائی کی گئی جس کے بعد سے برہمن سماج کے لوگ ناراج ہیں اور اسے برہمنوں پر ظلم سے تعبیر کر رہے ہیں۔