پہلوانوں کے ساتھ ہوئی بدسلوکی پر ریسلنگ کی عالمی گورننگ باڈی سخت ناراض
نئی دہلی ،31 مئی :۔
گزشتہ 28 مئی کو دہلی میں احتجاج کر رہے پہلوانوں کے ساتھ دہلی پولیس کی بر بریت اور بد سلوکی کو اگر چہ ملک کے میڈیا نے سنجیدگی سے نہیں لیا اور نہ ہی ذمہ داراں سے سوال کرنے کی ہمت کی مگر ریسلنگ کی عالمی گورننگ باڈی یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) نے اس پورے معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے ۔ 28 مئی کو احتجاجی مارچ کے دوران ممتاز ہندوستانی پہلوانوں کو حراست میں لئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے وارننگ دی کہ اگرمقررہ وقت پرفیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے زیر التواء الیکشن نہیں ہوئے تو وہ اسے معطل کر سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق یو ڈبلیو ڈبلیو سخت الفاظ میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وہ ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی طرف سے طاقت کے غلط استعمال اور جنسی ہراسانی پر پہلوانوں کے احتجاج سے متعلق صورتحال کو "بڑی تشویش” کے ساتھ دیکھ رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ان آخری دنوں کے واقعات اور بھی زیادہ تشویشناک ہیں کہ پولیس نے احتجاجی مارچ شروع کرنے پر پہلوانوں کو گرفتار کیا اور انہیں عارضی طور پر حراست میں لیا گیا۔‘‘ یو ڈبلیو ڈبلیو پہلوانوں کے ساتھ بدسلوکی اور ان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتاہے۔ وہ اب تک کی تحقیقات کے نتائج نہ آنے پر مایوسی کا اظہار کرتا ہے۔ یوڈبلیو ڈبلیومتعلقہ حکام پر زور دیتا ہے کہ وہ الزامات کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں۔
گورننگ باڈی نے کہا کہ یہ پہلوانوں سے "ان کی حیثیت اور حفاظت کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے اور ان کے خدشات کے منصفانہ اور انصاف پر مبنی حل کے لیے ہماری حمایت کی دوبارہ تصدیق کرنے کے لئے ملاقات بھی کرے گا۔