پنجاب:پولیس اہلکاروں پر حملے کے الزام میں دیش بھگت یونیورسٹی کی طالبات کے خلاف ایف آئی آر درج

احتجاج کر رہی متعدد طالبات اب بھی اسپتال میں زیر علاج ، سر پرستوں کو صورت حال پر تشویش،طالبات کی شکایت پر یونیور سٹی انتظامیہ کے خلاف بھی معاملہ درج

نئی دہلی ،17ستمبر :۔

پنجاب کے دیش بھگت یونیور سٹی میں کشمیری طالبات کے ساتھ ہوئی پولیس اہلکاروں کی پر تشدد جھڑپ کا معاملہ بڑھتا جا رہا ہے ۔انتظامیہ نے اب انہیں طالبات کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی ہے جنہوں نے پولیس اہلکاروں پر زیادتی اور بد سلوکی کا الزام عائد کیا تھا۔

خیال رہے کہ بنیادی طور پر کشمیر سے تعلق رکھنے والی طالبات    یونیورسٹی کے اپنے داخلوں کو انڈین نرسنگ کونسل (آئی این سی) اور پنجاب نرسنگ رجسٹریشن کونسل (پی این آر سی) سے تسلیم شدہ کالج میں منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف مظاہرہ  کر رہی تھیں۔ پرامن احتجاج اس وقت افراتفری میں تبدیل ہو گیا جب یونیورسٹی حکام اور   طلباء آمنے سامنے آ گئے۔

طالبات اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان ہوئی پر تشدد جھڑ پ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکارطالبات کو گھسیٹتے نظر آ رہے ہیں ،ان کے ساتھ بد سلوکی کی جا رہی ہے ،حجاب کو کھینچا جا رہا ہے اس دوران طالبات کے ساتھ جھڑپ میں کچھ خاتون پولیس اہلکاروں کو بھی چوٹ آئی ہے ۔ان تمام معاملے میں جہاں طالبات نے پولیس اہلکاروں پر بد سلوکی کا الزام لگایا وہیں انتظامیہ نے ہفتہ کو الٹا طالبات کے خلاف ہی ایف آئی آر درج کر لی ۔

ایف آئی آر، پنجاب کے فتح گڑھ صاحب کے رہائشی ارشدیپ سنگھ نامی طالب علم کے خلاف شکایت درج کرنے کے بعد درج کی گئی۔ ایف آئی آر میں طلباء پر تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی مختلف دفعات کے تحت الزام لگایا گیا ہے، جس میں 353 (سرکاری ملازم کو اپنی ڈیوٹی کی ادائیگی سے روکنے کے لیے حملہ یا مجرمانہ طاقت)، 186 (سرکاری ملازمین کو عوامی کاموں کی انجام دہی میں رکاوٹ)، 332 (رضاکارانہ طور پر) سرکاری ملازم کو اس کی ڈیوٹی سے روکنے کے لیے تکلیف پہنچانا)، 427 (شرارت جس سے پچاس روپے کا نقصان ہو)، 283 (عوامی راستے یا نیویگیشن لائن میں خطرہ یا رکاوٹ)، 147 (ہنگامہ آرائی کی سزا) اور 149 (ہر رکن کو) غیر قانونی اجتماع کا مجرم عام اعتراض کے خلاف قانونی چارہ جوئی میں جرم کا مرتکب ہو) کی دفعات درج کی گئی ہیں۔

اس واقعے کے بعد  متعددطلباء صدمے میں ہیں جن میں سے کچھ کواسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت ہے اور وہ بے ہوش ہیں۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں نے ان کی خیریت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

طلباء کی شکایات کے جواب میں، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) روجوت گریوال نے یونیورسٹی کے چانسلر زورا سنگھ اور یونیورسٹی کے دیگر 15 ملازمین کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی ہے۔ ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 420 (دھوکہ دہی اور بے ایمانی سے جائیداد کی فراہمی)، 406 (مجرمانہ طور پر اعتماد کی خلاف ورزی کی سزا)، 354-B (خاتون کو توڑنے کے ارادے سے حملہ یا مجرمانہ طاقت کا استعمال)، 323  ( رضاکارانہ طور پر چوٹ پہنچانے کی سزا)، 341 (غلط طریقے سے روکے جانے کی سزا)، 427 (شرارت جس سے پچاس روپے کا نقصان ہو)، 506 (مجرمانہ دھمکی دینے کی سزا)، 148 (فساد، مہلک ہتھیار سے لیس) اور 149 ( غیر قانونی اسمبلی کا ہر رکن عام اعتراض کے خلاف قانونی چارہ جوئی میں کیے گئے جرم کا مجرم ہے)کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔