پاکستان کے لئے جاسوسی کرنے والا بھکت بنشی نامی نوجوان کولکاتہ سے گرفتار

ہنی ٹریپ کا ہوا شکار،متعدد حساس دستاویزات بر آمد،کئی خفیہ معلومات پاکستان کو ارسال کرنے کا انکشاف

نئی دہلی،27اگست :۔

ہندوستان میں رہ کر پاکستان کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں کولکاتہ پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے ۔اس کے پاس سے انتہائی حساس دستاویزات بھی بر آمد کئے گئے ہیں۔ پولیس کےسینئر افسر نے ہفتہ کو یہ معلومات دی ۔ملزم کی شناخت بہار کے رہنے والے بھکت بنشی کے طور پر ہوئی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق کولکاتہ پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ہاوڑہ ضلع میں اس کے گھر سے جمعہ کو گرفتار کیا۔ افسر کا کہنا ہے کہ اسے ملک کی سیکورٹی کے لئے  خطرناک سر گرمیوں میں سیدھے طور پر شامل پایا گیا ہے ۔ ملزم کو کئی گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد جمعہ کی دیر رات گرفتار کر لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق افسر نے بتایا کہ اس کے موبائل فون سے تصاویر ،ویڈیو اور آن لائن چیٹ جیسی خفیہ معلومات ملی ہیں ۔ یہ معلومات اس نے پاکستان کے ایک خفیہ ایجنٹ کو بھیجی تھیں ۔ کولکاتہ میں ایک کوریئر سروس کمپنی میں کام کرنے والا ملزم پہلے دہلی میں رہتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کو آج شہر کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا،معاملے میں آگے کارروائی جاری ہے ۔

رپورٹ کے مطابق کولکاتہ پولیس نے بتایا کہ اسے پاکستان کے ایک آروشی نامی ہینڈلر نے ہنی ٹریپ میں پھنسایا تھا اور تب سے وہ حساس معلومات پاکستانی ایجنسیوں کو بھیج رہا تھا۔ پاکستان کی ایک خاتون کے رابطہ میں آنے کے بعد ملزم نے دہلی میں فوج کی چھاونی کی بھی متعدد معلومات ارسال کی تھیں ۔