پاکستان کو خفیہ معلومات دینے والا گورو پاٹل گرفتار

ممبئی، 14 دسمبر:۔

انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے ایک پاکستانی جاسوس کو فوج سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے الزام میں تھانے ضلع سے گورو پاٹل (23 سال) کو گرفتار کیا ہے۔ اے ٹی ایس کی ٹیم اس معاملے کی گہرائی سے چھان بین کر رہی ہے۔ عدالت نے گورو پاٹل کو 18 دسمبر تک اے ٹی ایس کی تحویل میں بھیج دیا ہے۔

اے ٹی ایس ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ گورو پاٹل کو چھ ماہ قبل ممبئی میں مزگاؤں پوسٹ پر اپرنٹس (ٹرینی) کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ اس دوران گورو نے پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی کے تین لوگوں سے سوشل میڈیا پر رابطہ کیا اور پاکستانی جاسوسوں کو دفاع سے متعلق بہت سی معلومات دیں۔ یہی نہیں، گورو کو مغربی بنگال میں مقیم ایک شخص نے جہاز کے نام، تصویر اور مقام کے بارے میں معلومات شیئر کرنے کے لیے ادائیگی کی تھی۔ بعد میں یہ معلومات ایک پاکستانی ایجنسی کو بھیجی گئی اور پاٹل پچھلے چھ ماہ سے اس  لین دین کے بدلے رقم وصول کر رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گورو پاٹل پر شک کے بعد اے ٹی ایس کی ٹیم اس پر نظر رکھے ہوئے تھی۔ پاکستانی جاسوسوں سے گورو کو پیسے آنے کے ثبوت ملنے کے بعد اے ٹی ایس ٹیم نے بدھ کو اسے گرفتار کر لیا۔ اس کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت نے گورو کو 18 دسمبر تک اے ٹی ایس کی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ اے ٹی ایس کی ٹیم گورو کے ہنی ٹریپ کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔