پانچ سو کے نوٹ پر مہاتما گاندھی کی جگہ انوپم کھیر کی تصویر وائرل

گجرات میں صرافہ تاجر کے ساتھ کروڑوں روپے کی دھوکہ دہی ،پولیس تفتیش میں مصروف

نئی دہلی ،30 ستمبر :۔

گجرات میں ایک دھوکہ دہی کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔سوشل میڈیا پر پانچ سو کے نوٹ کی کچھ تصاویر خوب وائرل ہو رہی ہیں ،جن پر مہاتما گاندھی کی جگہ بالی ووڈ ادا کار انوپم کھیر کی تصاویر لگی ہیں۔ خود ادا کار بھی اس ویڈیو کو دیکھ کر حیران ہیں ۔میڈیا میں اس دھوکہ دہی کا معاملہ خوب موضوع بحث ہے۔گجرات پولیس اس معاملے پر سنجیدگی سے جانچ کر رہی ہے اور تمام قصورواروں کو سامنے لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر جو تصاویر وائرل ہو رہی ہیں انہیں دیکھ کر لوگ تفریح اور لطف اٹھا رہے ہیں لیکن سنجیدگی سے غور کیا جائے تو یہ ایک سنگین جرم ہے اور اتنے بڑے جرم کو جس دیدہ دلیری کے ساتھ جرائم پیشہ افراد نے انجام دیا ہے وہ بھی لا اینڈ آرڈر  اور قانون و انتظام کے لحاظ سے قابل غور ہے ۔

رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ گجرات کے احمد آباد  کی صرافہ مارکیٹ کا ہے ۔ جہاں ایک صرافہ کمپنی کے مالک کو 1.90 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کی گئی ہے ۔  یہاں کچھ ٹھگ 1 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کا 2100 گرام سونا لے کر فرار ہو گئے۔ ان ٹھگوں کی جانب سے جیولرز کو دی گئی رقم جعلی تھی جس پر بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر کی تصویر چھپی تھی۔ یہ نوٹ دیکھ کر جوہری حیران رہ گئے۔ جس کے بعد معاملے کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھان بین شروع کر دی ہے۔

تین افراد 500 روپے کے 26 بنڈل دے کر 1.90 کروڑ روپے کا 2100 گرام سونا لے کر فرار ہو گئے۔ کرائم برانچ کی ٹیم سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ان تینوں لوگوں کا پتہ لگا رہی ہے۔ سی جی روڈ پر واقع لکشمی جیولرس کے منیجر پرشانت پٹیل نے صرافہ  تاجر میہول ٹھاکر سے پٹیل کانتی لال مدن لال انگادیہ فرم کو 2100 گرام سونا دینے کو کہا تھا۔

میہول ٹھاکر نے اپنے ملازم بھرت جوشی کو انگڈیا فرم کو 2100 گرام سونا پہنچانے کے لیے بھیجا تھا۔ جب بھرت جوشی وہاں پہنچے تو انہوں نے  ی مشین ایک آدمی کو دی۔ دوسرے شخص نے بھرت جوشی سے سونا لے لیا اور تیسرے شخص نے کہا کہ  مشین میں گننے تک تھیلے میں 1.30 کروڑ روپے تھے، اگلے دفتر سے 30 لاکھ روپے لے آؤ۔

تینوں لوگ بھرت جوشی سے نظریں بچا کر سونا لے کر وہاں سے فرار ہو گئے۔ ملازم نے بیگ سے 500 روپے کا بنڈل نکالا تو دیکھا کہ 500 روپے کے تمام نوٹوں پر انوپم کھیر کی تصویر چھپی تھی۔ ان جعلی نوٹوں پر ریزرو بینک آف انڈیا کے بجائے ریزول بینک آف انڈیا لکھا ہوا تھا۔ پولیس اب ملزم کی تلاش میں ہے۔