ٹی۔20 ورلڈ کپ2024:جیت کے بعد اللہ کا شکر ادا کرنے پر محمد سراج نفرتی صارفین کے نشانے پر
ٹیم انڈیا کی جیت کے بعد ایکس ہینڈل پرمحمد سراج نے لکھا ’اللہ کا شکر ہے‘،تواسلامو فوبیا کے شکار ،نفرت کے سوداگروں نےسراج کو فحش گالیاں دیں ،تبصرے کئے
نئی دہلی ،30 جون :۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں ہندوستان کی شاندار فتح ہوئی ۔ 17 سال بعد ٹیم انڈیا نے شاندار طریقے سے ٹی 20 ورلڈ کپ پر قبضہ کیا جس پر پوری دنیا میں ہندوستان کے باشندوں نے خوشیاں منائیں اور جشن کا اہتمام کیا لیکن اس خوشی کے موقع پر بھی کچھ نفرتی چنٹیوں اور تشدد پسند افراد نے ہندو مسلم اور نفرت کا بہانہ ڈھونڈ ہی لیا ۔ سوشل میڈیا پر نفرت کے سوداگر اور اسلامو فوبیا کے شکار صارفین نے ہندوستان کے شاندار گیند باز محمد سراج کو نشانہ بنایا اور بھدی بھدی گالیاں دیں ، یہی نہیں انہوں نے اس موقع پر ایکس ہینڈل پر اسلام اور اللہ کی شان میں بھی گستاخیاں کیں اور فحش تبصرے کئے۔
در اصل ہندوستان کی جیت کے بعد ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز محمد سراج نے سوشل میڈیا پرٹیم انڈیا کی جیت پر "اللہ کا شکر ہے” لکھا جس کے بعد ان نفرتی اور شدت پسند ہندو صارفین نے محمد سراج کو ٹویٹر پر ٹرول کیااور گالیاں دیں۔
رپورٹ کے مطابق آج صبح، سراج نے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے والی ٹیم کی تصویر شیئر کی اور لکھا، ’’اللہ کا شکر ہے۔‘‘
جس کے بعد ان نفرتی صارفین نے محمد سراج کو ٹرول کرنا شروع کر دیا اور ان کی ٹویٹ کو ری ٹئٹ کرتے ہوئے فحش تبصرے کئے۔جبکہ اس دوران وراٹ کوہلی، جنہوں نے میچ کے بعد کے اپنے تبصروں میں فتح کے لیے بھگوان کا شکر ادا کیا تو کوئی بات نہیں ہوئی اور لوگوں سے بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی اور بہت سے شائقین نے ان کا جشن منایا، بہت سے لوگوں نے انہیں "سچا سناتنی” بھی کہا۔
ایک ٹویٹ نے بہت توجہ حاصل کی “وراٹ کوہلی نے فتح پر بھگوان کا شکر ادا کیا۔ عقیدت مند: یہ ہے حقیقی سناتنی، سراج نے جیت پر اللہ کا شکر ادا کیا۔ بھکت: اللہ کہاں سے آگیا؟ یہ غیر حقیقی ہے۔
اس کے برعکس، محمد سراج کے فتح پر اللہ کا شکر ادا کرنے پر کچھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے منفی ردعمل سامنے آیا۔ کچھ لوگوں نے انہیں گالی دی، جبکہ کچھ دوسرے صارفین نے اسلام اور اللہ پر توہین آمیز تبصرے کیے۔
محمد سراج کو ٹرول کئے جانے اور گالیاں دینے پر ایک جسویندر کور نامی صارف نے لکھا کہ نفرتی چنٹو نفرت ہی کرتا رہے گا۔میچ جیتنے کے بعد وراٹ کوہلی نے بھی بھگوان کا شکر ادا کیا۔لیکن جیسے ہی محمد سراج نے اللہ کا شکر ادا کیا نفرت انگیز کیڑے گالیاں دینے نکل آئے۔یہ وہی سراج ہے جس نے اپنی باؤلنگ کے بل بوتے پر کئی میچ جیتے ہیں۔
اسلامو فوبیا کا شکار چندن شرما نامی ایک صارف نے لکھا،یہ ٹیم انڈیا کی جیت ہے نہ کہ اللہ کی ۔ایک دوسرے نفرتی صارف نے لکھا کہ اگر اللہ کچھ کر سکتا تو یہ جیت پاکستان کی ہوتی نہ کہ انڈیا کی۔