ویشنو دیوی لینڈ سلائیڈ حادثے پر جماعت اسلامی ہند کا اظہار افسوس

نئی دہلی،27 اگست :۔
جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ) کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر نے جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی، کٹرہ میں ویشنو دیوی کے راستے پر ہونے والے ہولناک لینڈ سلائیڈ حادثے پر گہرے دکھ اور متاثرہ خاندان سے اپنی یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا کے لیے جاری اپنے بیان میں پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا کہ ہم اس المناک سانحے پر اپنی دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ شدید بارش کے نتیجے میں آنے والی اس آفت میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔اس حادثے میں کئی زائرین زخمی ہوئے ہیں ۔اس حادثے نے زائرین اور مقامی باشندوں کے خاندانوں کو سخت مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ خدشہ ہے کہ کچھ لوگ ابھی بھی ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں جس سے صورت حال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا کہ ہم مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ فوری، منظم اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو، ریلیف کے عمل کو تیز کرے۔ انہوں نے جائے حادثہ پر این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، بھارتی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور مقامی رضاکاروں کی بروقت تعیناتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کوششیں قابل تعریف ہیں۔ تاہم پروفیسر سلیم انجینئر نے اس بات پر زور دیا کہ حادثے میں لاپتہ ہو جانے والے افراد کو تلاش کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کے لیے راحت اور بچاؤ کارروائی کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کٹرہ کے عوام کو اس المیے میں خود کو تنہا محسوس نہیں کرنا چاہیے۔ عام لوگوں کو چاہیے کہ وہ اس نازک وقت میں متاثرین ساتھ کھڑے ہوں۔پروفیسر سلیم انجینئر نے طویل مدتی تیاریوں پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ لینڈ سلائیڈ، اچانک آنے والے سیلاب اور اس طرح کی دیگر قدرتی آفات کے لیے ایک جامع ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکمت عملی اختیار کرے ،جس میں واضح ایس او پیز طے ہوں تاکہ انسانی جانوں کے نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ہم ایک خصوصی ریلیف پیکج کی بھی اپیل کرتے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی طویل مدتی باز آبادکاری کو یقینی بنایا جا سکے۔