وقف ترمیمی بل کل لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا، حکومت تیار،اپوزیشن کا بھی امتحان
وقف بل کے پیش نظر بی جے پی، کانگریس، ایس پی، جے ڈی یو نے وہپ جاری کیا

نئی دہلی، یکم اپریل :
مرکزی حکومت بدھ کو لوک سبھا میں وقف ترمیمی بل پیش کرے گی۔ بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے اس کے لیے 8 گھنٹے کا وقت مقرر کیا ہے۔ بل کل وقفہ سوالات کے فوراً بعد پیش کیا جائے گا۔ دریں اثنا اس کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، کانگریس، جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے اپنے تمام لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ کو بدھ کو پارلیمنٹ میں موجود رہنے کا وہپ جاری کیا ہے۔
بی جے پی نے منگل کو تمام لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ کو 2 اپریل کو پارلیمنٹ میں موجود رہنے کے لیے وہپ جاری کیا۔ لوک سبھا میں پارٹی کے چیف وہپ، ڈاکٹر سنجے جیسوال نے وہپ سرکلر میں کہا ہے کہ بدھ (2 اپریل) کو لوک سبھا میں پاس ہونے کے لیے کچھ بہت اہم قانون سازی کا کام پیش کیا جائے گا۔ تمام بی جے پی ممبران سے گزارش ہے کہ وہ بدھ کو پورے وقت ایوان میں لازمی طور پر موجود رہ کر حکومت کے موقف کی حمایت کریں۔
اس کے ساتھ ہی لوک سبھا میں کانگریس پارلیمانی پارٹی (سی پی پی) کے چیف وہپ کوڈی کنل سریش نے اپنے ارکان پارلیمنٹ سے اگلے تین دنوں یعنی 2، 3 اور 4 اپریل تک ایوان میں موجود رہنے کو کہا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ 2، 3 اور 4 اپریل کو ایوان میں ایک انتہائی اہم موضوع پر بحث ہوگی۔ ایسے میں پارٹی کے تمام ارکان کو ایوان کے آغاز سے اس کے ملتوی ہونے تک پورا وقت حاضر رہ کر پارٹی کی حمایت کرنی چاہیے۔اسی طرح ایس پی اور جے ڈی یو نے بھی اپنے ارکان کو وہپ جاری کیا ہے اور انہیں ایوان میں موجود رہنے کی ہدایت دی ہے۔
خیال رہےکہ آج پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے لوک سبھا کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ کے بعد کہا کہ حکومت 2 اپریل کو لوک سبھا میں وقف ترمیمی بل پیش کرے گی۔ اس پر بحث کے لیے 8 گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ا سپیکر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر ایوان راضی ہو جائے تو اس وقت میں توسیع کی جا سکتی ہے۔ بل کی مخالفت کرنے والے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ بحث جاری رہے گی چاہے وہ بہانہ بنا کر ایوان سے واک آو ٹ کر دیں۔ یہ بل وسیع غور و خوض کے بعد مشترکہ پارلیمانی کمیٹی میں لایا گیا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ ہر کوئی بحث میں حصہ لے۔ لوگ چاہتے ہیں کہ سیاسی جماعتیں بل پر اپنے خیالات کا اظہار کریں۔ بحث تاریخی ہونے جا رہی ہے۔