وقف ترمیمی بل وقف بورڈ کو کمزور کرنے اور وقف املاک کے کنٹرول پر قبضہ کرنے کی حکمت عملی

جماعت اسلامی ہند کے اسسٹنٹ سکریٹری  انعام الرحمن نے موجودہ وقف ترمیمی بل پر تنقید کرتے ہوئے اس کے مضمرات پر روشنی ڈالی

نئی دہلی، 30 اگست:۔

مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے گئے وقف ترمیمی بل پر ایک طرف حکومت پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل دے کر اس  کے نقائص کو ختم کر کے مسلمانوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہی ہے وہیں دوسری جانب  مسلم تنظیموں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس کے منفی اثرات سے عوام کو آگاہ کیا جا رہا ہے ۔  جماعت اسلامی ہند کے اسسٹنٹ سکریٹری انعام الرحمن نے بھی گزشتہ دنوں ایک ورچوئل پروگرام میں اس کے منفی اثرات پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے نئے مجوزہ وقف ترمیمی بل پر تنقید کرتے ہوئے اس کے محرکات، تخلیق کے عمل اور مسلم کمیونٹی کے لیے اس کے ممکنہ نتائج کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔

بدھ کو  جماعت سلامی ہند  مہاراشٹر کے عہدیداروں کے لیے "وقف ترمیمی بل 2024، اثرات اور چیلنجز” پر ایک آن لائن میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے بل کی  خامیوں پر روشنی ڈالی،  حقیقی مشاورت کی کمی، طریقہ کار کی بے ضابطگیاں، اور وقف املاک اور مسلمانوں پر ممکنہ منفی اثرات سے لوگوں کو آگاہ کیا۔

جناب  رحمان نے وقف بورڈ کے ارکان اور مختلف مسلم تنظیموں سمیت اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بامعنی مشاورت کی عدم موجودگی  کی نشاندہی کرتے ہوئے بل کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے مرکزی وقف کونسل کی غیر فعال حیثیت کو ایک اہم تشویش قرار دیتے ہوئے معیاری طریقہ کار سے رو گردانی کی نشاندہی کی۔ہندوستان میں وقف قوانین کا ایک تاریخی جائزہ پیش کرتے ہوئے  رحمان نے تشویش کا اظہار کیا کہ مجوزہ ترامیم وقف املاک کے تحفظ میں ہونے والی پیش رفت کو پلٹ سکتی ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ یہ بل بیرونی طاقتوں کے ذریعہ چلایا گیا، وقف بورڈ کو کمزور کرنے اور وقف املاک پر قبضہ کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے وقف بورڈ کے خلاف ایک منفی مہم پر بھی تنقید کی، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت زیادہ اور گمراہ کن اعدادوشمار پر مبنی ہے۔ انہوں نے  وقف بورڈ میں غیر مسلموں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش کا اظہار کیا۔خدشہ ظاہر کیا  کہ اس سے وقف املاک کا غلط استعمال اور مسلم کمیونٹی کے اندر تقسیم ہو سکتی ہے۔ جناب رحمان نے وقف ایکٹ میں کسی بھی ترمیم سے پہلے   شفافیت، جوابدہی، اور مسلمانوں  کے ساتھ حقیقی مشاورت پر زور دیا۔ انہوں نے وقف املاک کے تحفظ میں چوکسی اور اتحاد پر زور دیا۔ پروگرام کی نظامت جے آئی ایچ مہاراشٹر کے سکریٹری عبدالمجیب شیخ نے کی۔