وقف ترمیمی بل: جے پی سی اجلاس میں پھر ہنگامہ،ٹی ایم سی اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ میں تیکھی بحث
کلیان بنرجی اور نشی کانت دوبے کے درمیان لفظی جھڑپ کے بعد حزب اختلاف کے 10 ارکان پارلیمنٹ ایک اجلاس کے لئے معطل
نئی دہلی ،24 جنوری :۔
وقف ترمیمی بل پرتشکیل دی گئی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا سلسلہ جاری ہے ۔ جلد ہی اس سلسلے میں ایک حتمی اجلاس کا انعقاد عمل میں آئے گا جس کے بعد رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی۔ مگر اس سے قبل اجلاس میں ایک بار پھر جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی ایک بار پھر جارحانہ نظر آئے۔بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کے ساتھ ان کی لفظی جھڑ پ ہو گئی جس کے بعد اپوزیشن کے 10 ارکان کو ایک دن کیلئے معطل کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹی ایم سی کے رکن کلیان بنرجی اور بی جے پی کے ایم پی نشی کانت دوبے کے درمیان لفظی جنگ ہوئی ۔ اجلاس میں ہنگامہ اس وقت ہوا جب کلیان بنرجی نے اجلاس کو اتنی جلدی بلانے پر سوال اٹھایا، جس پر نشی کانت دوبے نے سخت اعتراض کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان شدید تکرار شروع ہو گئی۔ اس کے بعد اجلاس کو کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔
کلیان بنرجی کا کہنا تھا کہ اجلاس کی اتنی جلدی کیا ضرورت تھی؟ انھوں نے اس پر سوال اٹھایا کہ آیا اس بل پر جلدی فیصلے کی کوئی خاص وجہ ہے؟ ان کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے نشی کانت دوبے نے کہا کہ حکومت نے اس بل کو اہمیت دی ہے اور اس پر جلدی فیصلے کی ضرورت ہے۔ دونوں کے درمیان یہ بات چیت اتنی بڑھ گئی کہ دونوں کے درمیان لفظوں کا تبادلہ شدید ہو گیا اور اس کی وجہ سے اجلاس کو عارضی طور پر روکنا پڑا۔
تنازعہ کے بعد کمیٹی نے اپوزیشن کے 10 ارکان کو معطل کر دیا، جنہوں نے اس بحث میں مداخلت کی تھی۔ ان ارکان کی معطلی نے اجلاس کی فضا کو مزید متنازعہ بنا دیا اور اجلاس کو 27 جنوری تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔