وقف ترمیمی بل :جماعت اسلامی ہند کے اعلیٰ سطحی وفد کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے چیئر مین سے ملاقات
نئی دہلی ،06 ستمبر :۔
مرکزی حکومت کی جانب سے لایا جانے والا وقف ترمیمی بل اس وقت ملک بھر کے مسلمانوں کے لئے فکر کا موضوع بنا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں متعدد ملی تنظیمیں اور ملی سر براہان سر گرم ہیں اور متعلقہ کمیٹی کے مختلف ارکان سے ملاقات کر کے اپنے خدشات اور تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں ۔ مسلم پرسنل لا بورڈ نے اس سلسلے میں ایک مہم چلا رکھی ہے تاکہ عوام اپنے اعتراضات اور ترمیمی بل کے خلاف اپنی رائے پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کریں ۔دریں اثنا آج جماعت اسلامی ہند کے اعلیٰ سطحی وفد نے امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی کی قیادت میں وقف (ترمیمی) بل 2024 پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین جگدمبیکا پال سے تفصیلی ملاقات کی۔اس موقع پرجماعت اسلامی ہند کے وفد نے مجوزہ بل کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور اپنے اعتراضات سے چیئر مین کو آگاہ کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ ترمیمی بل وقف املاک کی خود مختاری اور انتظام کے لیے ایک اہم خطرہ ہے اور یہ اقلیتوں کے آئینی طور پر ضمانت شدہ حقوق کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی ہند کے رہنما ملک بھر میں جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کے مختلف ارکان سے ملاقات کر رہے ہیں اور ان کے سامنے مسلمانوں کی جانب سے بل کے تعلق سے خدشات کو بیان کر رہے ہیں ۔جماعت اسلامی ہند کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس سلسلے میں جماعت اسلامی ہند کا مرکزی وفد دہلی میں پوری جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کے تمام ارکان کے ساتھ ملاقات کرے گا اور انہیں بھی اپنے خدشات اور تحفظات سے با خبر کرے گا۔ ملاقات کرنے والے اعلیٰ سطحی وفد میں امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی ،نائب صدر محمد سلیم انجینئر ،انعام الرحمن اور دیگر شامل تھے۔