وقف ترمیمی بل:مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں زبر دست ہنگامہ،کلیان بنرجی زخمی

میٹنگ کے دوران بی جے پی رہنما گنگو پادھیا ئے سے بحث کے دوران غصہ میں کلیان بنرجی نے شیشے کی بوتل میز پر پٹخ دیا جس  سےوہ خود زخمی ہو گئے

نئی دہلی ،22 اکتوبر :۔

مرکز  کی جانب سے پیش کئے گئے وقف ترمیمی بل پر  مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی میٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ان میٹنگوں میں اب تک اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے گرما گرم بحث ہی ہوتی تھی لیکن آج کی میٹنگ میں فریقین کے درمیان  بحث  اس حد تک بڑھ گئی کہ ٹی ایم سی رہنما غصے میں شیشے کی پانی کی بوتل کو توڑ دیا جس سےخود کلیان بنرجی زخمی   ہو گئے۔الزام یہ بھی عائد کیا جارہا ہے کہ انہوں نے شیشے کی بوتل جے پی سی چیئر مین کی طرف پھینکنے کی کوشش کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق آج کی میٹنگ میں ٹی ایم سی لیڈر کلیان بنرجی  اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ابھیجیت گنگوپادھیائے کے درمیان  جم کربحث ہوئی۔ جے پی سی میٹنگ میں دونوں لیڈروں کے درمیان گرما گرم جھڑپ کے دوران کلیان بنرجی نے شیشے کی پانی کی بوتل توڑ دی جس سے ان کے ہاتھ میں  چوٹ آئی۔  جس کی وجہ سے ان کے ہاتھ میں چار ٹانکے لگے۔ اطلاع کے مطابق اس واقعہ کے بعد  کلیان بنرجی کو ایک میٹنگ کیلئے معطل کر دیا گیا ہے۔

اس تصادم کے باعث اجلاس کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔  عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کلیان بنرجی نے اچانک بوتل اٹھائی اور میز پر رکھ کر توڑ دی۔  جس کی وجہ سے وہ خود زخمی ہو گئے۔  یہ  میٹنگ پارلیمنٹ کے احاطے میں ہوئی۔جبکہ کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ بوتل پھینکنے کی کوشش کی گئی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میٹنگ میں کئی ریٹائرڈ ججز، سینئر ایڈووکیٹ اور دانشور موجود تھے۔  اسی دوران اچانک کلیان بنرجی اٹھے اور بولنا شروع کر دیا۔  وہ اس سے پہلے بھی کئی بار میٹنگ میں بول چکے ہیں۔  لیکن اس بار جب انہوں نے بولنا شروع کیا تو ابھیجیت گنگوپادھیائے نے اعتراض کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جب ابھیجیت گنگوپادھیائے نے اعتراض کیا تو کلیان بنرجی نے ان کے خلاف قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا۔  اس دوران دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے اور غصے میں کلیان بنرجی نے شیشے کی بوتل اٹھا کر میز پر پھینک دی، جس سے وہ زخمی ہو گئے۔جے پی سی کے چیئر مین نے اس واقعہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کا واقعہ افسوسناک تھا۔انہوں نے کہا کہ جو واقعہ ہوا ہے اس کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ وقف بل پر جے پی سی کی میٹنگ میں  گزشتہ ہفتے بھی زبردست ہنگامہ ہوا تھا جس کے بعد اپوزیشن ارکان اسمبلی واک آؤٹ کر گئے تھے۔  جانکاری کے مطابق، حزب اختلاف کے ممبران پارلیمنٹ نے بی جے پی ممبران پارلیمنٹ پر ان کے خلاف قابل اعتراض زبان استعمال کرنے کا الزام لگایا۔