وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف مولانا آزاد نیشنل اردو یونیور سٹی میں طلبا کا مظاہرہ
مظاہرے میں سیکڑوں طلبا و طالبات کی شرکت ،وقف ترمیمی ایکٹ کومسلمانوں کی مذہبی آزادی پر براہ راست حملہ قرار دیا

نئی دہلی ،08 اپریل :۔
وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف ملک بھر میں مسلمانوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں حیدر آباد میں واقع مولانا آزاد نیشنل اردو یونیور سٹی کے طلبا و طالبات نے بھی احتجاج کا اہتمام کیا ۔ جس میں بڑی تعداد میں طلبا شریک ہوئے۔یہ احتجاج متعدد طلبا تنظیموں کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا ۔
سینکڑوں طلباء نے پیر کو کیمپس میں جمع ہوکر حال ہی میں نافذ کردہ وقف (ترمیمی) ایکٹ کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے اس ایکٹ کو "مسلم مخالف” اور "امتیازی سلوک” پر مبنی ایکٹ قرار دیا۔
طلبا تنظیم اے یو ایس ایف ، برادرانہ تحریک، اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او)، اور گرلز اسلامک آرگنائزیشن (جی اائی او) سمیت طلبہ گروپوں کے اتحاد کی طرف سے منعقد کیا جانے والا یہ احتجاج اس ایکٹ کو امتیازی سلوک پر مبنی ایکٹ قرار دیا اور اسے مرکزی حکومت کے ذریعہ مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر براہ راست حملہ قرار دیا۔
ایس آئی او سے وابستہ شیخ مدثر، پی ایچ ڈی اسکالر نے ایکٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا، "ہم وقف ترمیمی ایکٹ کو مسترد کرتے ہیں، جو کہ مسلم کمیونٹی کے مذہبی اور رفاہی اداروں پر ریاستی سرپرستی میں حملہ ہے۔ وقف کی خودمختاری کو ختم کرکے، حکومت کھلم کھلا مسلم وراثت کو نشانہ بنا رہی ہے، جبکہ اسی طرح کے دیگر غیر مسلم اداروں کو چھوڑ دیا گیا ہے۔
برادرانہ تحریک کے نائب صدر عمر فاروق قادری نے مزید کہا کہ یہ اقدام ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 26 کی خلاف ورزی کرتا ہے اور اس کی عکاسی کرتا ہے جسے انہوں نے حکمراں جماعت کی ’’مسلم بہبود کا منافقانہ بیانیہ‘‘ قرار دیا۔
ایم اے کی طالبہ اور جی آئی او کی رکن عائشہ انجم نے بھی اسی طرح کے خدشات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وقف اللہ کا ہے۔ حکومت کا یہ اقدام ہندوستان میں مذہبی آزادی پر براہ راست حملہ ہے۔ نام نہاد مشاورتی عمل نے لاکھوں اعتراضات کو نظر انداز کیا، یہ اصلاح نہیں ہے؛ یہ تصرف ہے، یہ وقف اور مسلمانوں کے وجود کے خلاف جنگ ہے۔
واضح رہے کہ مانو کیمپس میں احتجاج پورے ہندوستان میں کیمپس اور کمیونٹی موبلائزیشن کی بڑھتی ہوئی لہر کا حصہ ہے، جو وقف (ترمیمی) ایکٹ اور مذہبی آزادی، اقلیتوں کے حقوق، اور آئینی سالمیت پر اس کے اثرات کے ساتھ گہری عدم اطمینان کی عکاسی کرتا ہے۔