وقف اللہ کی ملکیت ہے، جس کو ہڑپنے کی کوشش ناقابل برداشت ہے
چکمگلور کی تاریخی سرزمین سے وقف ترمیمی قانون 2025 کے خلاف صدائے احتجاج،مفتی افتخار احمد قاسمی، مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی و دیگر کا خطاب

نئی دہلی ،چکمگلور، 25/ اگست :۔
کرناٹک کے ضلع چکمگلور کے آزاد پارک کی تاریخی سرزمین پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیر اہتمام ”وقف بچاؤ دستور بچاؤ تحریک“ کی ضلعی کمیٹی کی جانب سے ایک عظیم الشان احتجاجی”وقف بچاؤ دستور بچاؤ کانفرنس“ منعقد ہوئی جس میں علماء کرام، مختلف تنظیموں کے ذمہ داران اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کرتے ہوئے وقف ترمیمی قانون 2025 کے خلاف بھرپور آواز بلند کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ یہ ترمیم مسلمانوں کے دینی، سماجی اور تعلیمی ڈھانچے پر براہ راست حملہ ہے جسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
ایک ریلیز کے مطابق اس موقع پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن اور جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مفتی افتخار احمد قاسمی نے اپنے پرجوش خطاب میں کہا کہ مسلمانوں پر حالات کا آنا کوئی نئی بات نہیں بلکہ یہ آزمائشیں اللہ کی طرف سے ایمان اور صبر کا امتحان ہیں، جنہیں مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدم رہنا ہوگا۔ آج ہمارے دین میں مداخلت کی جارہی ہے، ہماری مساجد، اذان، مکاتب اور حجاب پر قدغن لگانے اور وقف املاک کو تباہ و برباد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ سب ایک منظم سازش کا حصہ ہے جسے ہم آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے ناکام بنائیں گے۔ مفتی صاحب نے کہا کہ وقف اللہ کی امانت ہے، انسانوں کی بنائی ہوئی چیز نہیں، لہٰذا اس میں کسی قسم کی تبدیلی یا مداخلت ناقابلِ قبول ہے۔ اس موقع پر جامع مسجد سٹی بنگلور کے امام و خطیب مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور اس کی ترقی اور حفاظت میں مسلمانوں کا کردار کلیدی رہا ہے۔ آزمائشیں ہمیشہ آتی رہی ہیں، ہمیں صبر اور استقامت کے ساتھ ان کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وقف ترمیمی قانون 2025 دراصل وقف قوانین کو کمزور کرنے اور وقف املاک کو ہڑپنے کی ایک سازش ہے، جسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
بورڈ کے رکن مولانا غیاث احمد رشادی نے کہا کہ ملت بہت سے مسائل میں گھری ہوئی ہے لیکن مایوسی کی کوئی ضرورت نہیں، بلکہ ایمان و یقین پر ثابت قدم رہتے ہوئے دین و شریعت پر عمل پیرا ہونے سے حالات درست ہوں گے اور ظالموں کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی ۔اس کانفرنس میں اے پی سی آر کرناٹک کے صدر ایڈوکیٹ سدھیر کمار مرلی اور سماجی رہنما انگڑی چندرو نے کنڑی زبان میں خطاب کیا ۔تعارفی کلمات رضوان خالد امیر جماعت اسلامی چکمگلور نے کنڑی زبان میں پیش کیے۔ نظامت کے فرائض مفتی اصغر علی قاسمی نے انجام دیے جبکہ اجلاس کا اختتام کنوینر اجلاس مولانا خواجہ محی الدین رشادی کے کلماتِ تشکر اور دعا پر ہوا۔