وزیر کے بعد اب مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ نے بھارتی فوج کی توہین کی
نائب وزیر اعلیٰ دیوڑا نے ایک پروگرام کے دوران فوج کو وزیر اعظم مودی کے قدموں میں نتمستک قرار دیا، چو طرفہ تنقید کے بعد صفائی دی

نئی دہلی ،جبل پور، 16 مئی:۔
مدھیہ پردیش میں بی جے پی حکومت میں موجود وزرا ان دنوں بھارتی فوج کی شان میں گستاخی کرنا اپنا شیوہ بنا لیا ہے ۔ وزیر وجے شاہ کے کرنل صوفیہ کے حوالے سے دیے گئے متنازعہ بیان کا معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ اب ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا نے فوج کے بارے میں قاب اعتراض بیان دے دیاہے ۔ جبلپور میں جمعہ کو ایک پروگرام کے دوران نائب وزیر اعلیٰ دیوڑا وزیر اعظم نریندر مودی کی شان میں قصیدے پڑھ رہے تھے اور اس چاپلوسی میں وہ اس حد تک چلے گئے کہ انہوں نے بھارتی فوج کی توہین کر دی اور کہا، ’’پورا ملک، ملک کی فوج اور سپاہی وزیر اعظم مودی کے چرنوں میں نتمستک (قدموں میں جھکے ہوئے) ہے۔‘‘وزیر وجے شاہ کے بعد اب کانگریس نائب وزیر اعلیٰ کے خلاف بھی سر گر ہو گئی ہے وہیں بی جے پی نے کہا ہے کہ کانگریس دیوڑا کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہی ہے۔ تنازعہ بڑھنے کے بعد ڈپٹی سی ایم نے وضاحت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے۔
دراصل نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا کا یہ متنازعہ بیان اس وقت سامنے آیا جب وہ جبل پور میں سول ڈفینس والینٹیئرس کے تربیتی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ پروگرام میں وہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کا بدلہ لینے کے لیے مودی کی تعریف کر رہے تھے۔ تبھی انہوں نے وزیر اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے فوج کی توہین کر دی۔ دیوڑا نے کہا کہ پورا ملک، ملک کی فوج اور سپاہی پاکستان کے دہشت گردوں کو تباہ کرنے کے لیے وزیر اعظم مودی کے سامنے نتمستک ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ دیوڑا نے کہا کہ وزیر اعظم کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ اس دوران انہوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کرنے پر وہاں موجود لوگوں کو داد بھی دی۔
نائب وزیر اعلیٰ ایم دیوڑا کے اس بیان کے سامنے آنے کے بعد کانگریس جارحانہ ہو گئی۔ کانگریس کے سابق ریاستی صدر ارون یادو نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہندوستان ملک کی فوج کی توہین برداشت نہیں کرے گا۔ اب جگدیش دیوڑا نے کہا کہ پورا ملک، ملک کی فوج، فوجی وزیر اعظم نریندر مودی کے قدموں میں سرنگوں ہیں۔ فوج کے تئیں بی جے پی کی سوچ کھل کر سامنے آرہی ہے۔
اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار نے بھی جگدیش دیوڑا کے فوج سے متعلق بیان کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بہادر فوج وزیر اعظم مودی کے قدموں میں سرنگوں ہے۔ کیا یہ ہمارے فوجیوں کی بہادری اور قربانی کی توہین نہیں ہے، بلکہ یہ نہ صرف شرمناک ہے بلکہ حب الوطنی کے جذبے کے خلاف بھی ہے؟کیا بی جے پی حب الوطنی کے نام پر بار بار فوج کی توہین کرتی رہے گی؟
بیان پر تنازعہ بڑھنے کے بعد ڈپٹی سی ایم جگدیش دیوڑا نے صفائی دی ہے۔ انہوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جبل پور میں سول ڈیفنس والینٹیئرس کے تربیتی پروگرام میں جو کچھ کہا تھا اسے غلط اور توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے جو کہ بالکل غلط ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل وزیر شاہ نے بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی کے خلاف قابل اعتراض اور انتہائی بے ہودہ تبصرہ کیا تھا ۔ ایم پی ہائی کورٹ نے پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ وزیر نے اس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ اس پر پیر کو سماعت جاری ہے ۔