وزیر اعلیٰ یوگی  کے خلاف نازیبا تبصرہ کے الزام میں وہاٹس ایپ گروپ کا ایڈمن بھدوہی سے گرفتار

نئی دہلی ،07 اگست :۔

اتر پردیش کے بھدوہی ضلع میں پولیس نے  اتوار کے روزکارروائی کرتے ہوئے ایک مسلم شخص کو گرفتار کیا جو واٹس ایپ گروپ کا ایڈمن ہے۔الزام ہے کہ اس گروپ کے ایک ممبر نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف نازیبہ تبصرہ کیا تھا۔ گرفتار شخص کی شناخت شہاب الدین انصاری کے طور پر ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے کہا کہ شہاب الدین انصاری کو گرفتار کیا گیا کیونکہ اس نے مسلم انصاری نامی شخص کے خلاف کارروائی نہیں کی جس نے تبصرہ پوسٹ کیا تھا اور وہ فرار ہے۔

کوتوالی پولیس اسٹیشن کے انچارج اجے کمار سیٹھ نے  بتایا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف کیا گیا تبصرہ 4 اگست کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔گرفتار شخص کی شناخت شہاب الدین انصاری کے نام سے ہوئی ہے جب کہ تبصرہ کرنے والے شخص کا نام مسلم انصاری ہے اور وہ ابھی تک پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔

اجے کمار سیٹھ نے کہا کہ پولیس کو 4 اگست کو ٹویٹر پر اس بارے میں شکایت ملی تھی۔ توہین آمیز تبصرہ کا اسکرین شاٹ بھی پولیس کو موصول ہو گیا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق شکایت کی بنیاد پر شہاب الدین انصاری اور مسلم انصاری کے خلاف آئی پی سی اور آئی ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق واٹس ایپ گروپ کا نام ‘نگر پالیکا پریشد بھدوہی’ ہے، جس میں بھدوہی نگر پالیکا پریشد کا تقریباً ہر ممبر موجود ہے۔ اس گروپ کا مقصد عوام الناس کو درپیش مسائل کو حل کرنا ہے۔ تاہم، یہ کارپوریٹروں کا سرکاری واٹس ایپ گروپ نہیں ہے۔