وزیر اعظم کے دورہ سے قبل حیدرآباد میں بی آر ایس نےلگائے پوسٹر،خاندانی سیاست پر کیا طنز

وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ کے سی آر کو خاندانی سیاست کے حوالے سے نشانہ بنائے جانے پر بی آر ایس نے دیا جواب

نئی دہلی ،08 اپریل :۔

وزیر اعظم نریندر مودی آج حیدر آباد کا دورہ کرنے والے ہیں ،وہ یہاں متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے ۔دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ سے قبل تلنگانہ کی بر سر اقتدار پارٹی بھارتی راشٹر سمیتی (بی آر ایس ) نے پوسٹروں کے ذریعہ نریندر مودی پر طنز کیا ہے ۔  حیدرآباد آمد سے قبل شہر میں متعدد مقامات پر ایسے  ہورڈنگس  لگائے گئے ہیں جس میں خاندانی سیاست اور بدعنوانی پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

گزشتہ روز جمعہ کو حکمراں بی آر ایس کی طرف سے لگائے گئے ایک بڑے ہورڈنگ میں لکھا گیا ہے، "پریوار  ویلکم مودی جی(پریوار مودی جی کا خیر مقدم کرتا ہے) ۔  ہورڈنگ میں بی جے پی کے درجنوں لیڈروں کی تصویریں ہیں جن کے والدین یا بچے سیاست میں ہیں۔ ان میں مرکزی وزراء امت شاہ، راج ناتھ سنگھ، پیوش گوئل، دھرمیندر پردھان، کرن رجیجو اور جیوتی رادتیہ سندھیا  سمیت متعدد اہم رہنما شامل ہیں۔

ایک اور ہورڈنگ  کے ذریعہ  بد عنوانی پر  وزیر اعظم پر طنز کیا گیا ہے۔ (BJP achievements welcome to Modi Ji)بی جے پی کی کامیابیاں مودی جی کا خیرمقدم کرتی ہیں،۔یہ ہورڈنگ ہندوستان کے نقشے کے ساتھ لگایا گیا ہے جس میں مختلف ریاستوں میں بی جے پی لیڈروں کے بدعنوانی کے اسکینڈلز کو نمایاں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اکثر اپنے بیانات میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کو خاندانی حکمرانی اور بدعنوانی پر نشانہ بناتے ہیں، اس لیے بھارت راشٹرسمیتی (بی آر ایس) نے اس بار ان کے دورے سے قبل انہیں کے انداز میں انہیں جواب دیا ہے ۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم آج (ہفتہ کو) مختلف انفراسٹرکچر پروجیکٹوں کا آغاز کرنے حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ وہ ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ وہ 11,300 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا افتتاح یا سنگ بنیاد رکھیں گے۔اس دوران مودی سکندرآباد-تروپتی وندے بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھانے کے لیے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کا دورہ کریں گے۔وہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) بی بی نگر میں نئے بلاکس کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ریلوے اور ہائی وے کے مختلف پروجیکٹوں کا بھی افتتاح کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ماضی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ سے قبل شہر میں اس طرح کے پوسٹر وار کئے گئے تھے  ۔ا س وقت بی آر ایس نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹ بندی اور تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکامی پر پوسٹر کے ذریعہ وزیر اعظم پر تنقید کی تھی ۔