وزیر اعظم کے بعد راج ناتھ سنگھ کی جانب سے بھی اجمیر درگاہ پر چادر چڑھائی گئی
نئی دہلی ،اجمیر، 05 جنوری :۔
اجمیر میں خواجہ غریب نواز کی درگاہ پر ہندو انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے مندر قرار دیئے جانے کے تنازعہ کے درمیان اب وزیر اعظم نریندر مودی کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے بھی چادر پیش کی گئی ۔رپورٹ کے مطابق خواجہ غریب نواز کے 813 ویں عرس کے موقع پر اتوار کو ملک کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے اجمیر شریف کی درگاہ پر خصوصی چادر چڑھائی۔ درگاہ کمیٹی کے سابق وائس چیئرمین منور خان نے مزار شریف پر چادر چڑھائی اور ملک میں امن، خوشحالی اور باہمی بھائی چارے کے لیے دعا کی۔ چادر چڑھانے کے بعد منور خان نے درگاہ کے بلند دروازے سے راج ناتھ سنگھ کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔
راجناتھ سنگھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ عظیم صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتی جی کے 813ویں عرس کی تقریبات ایک تاریخی اور پروقار موقع ہے، جس میں شرکت کے لیے ملک اور بیرون ملک سے لاکھوں عقیدت مند اجمیر شریف پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ صاحب کی زندگی اور تعلیمات ہم سب کو باہمی تفریق بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی اور پرامن زندگی گزارنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ وزیر دفاع نے پیغام میںیہ بھی بتایا کہ تمام مذاہب اور فرقوں کے لوگ عقیدت کے ساتھ درگاہ خواجہ صاحب پر جاتے ہیں، جو ہندوستان کے ثقافتی تنوع اور مذہبی رواداری کی عکاسی کرتا ہے۔ عرس کے اس مقدس موقع پر انہوں نے تمام اہل وطن کو مبارکباد دی اور خواجہ صاحب کی برکت سے ملک میں امن اور خوشحالی کی خواہش کی۔