وزیر اعظم نے اپنی پارٹی کے کارکنان کو شہریت قانون کی حمایت میں کھڑے ہونے پر زور دیا، جامعہ کا مظاہرہ ابھی بھی جاری

نئی دہلی، دسمبر 22— جب وزیر اعظم نریندر مودی راملیلا میدان سے اپنی پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنے حامیوں سے "شہریت کے قانون کو منظور کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کا احترام کرنے” پر زور دے رہے تھے، یعنی بالواسطہ لوگوں سے ان کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے جو اس قانون کی مخالفت کر رہے ہیں، اسی وقت جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں حصہ لینے کے لیے مختلف مذاہب اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد، مرد اور خواتین کا وہاں جمع ہونا جاری تھا۔ جامعہ کے طلبا 13 دسمبر سے یہ کہتے ہوئے نئے قانون کے خلاف احتجاج کررہے ہیں کہ یہ نیا قانون آئین کی دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منظور کیا گیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ آئین کے دفاع کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔

کیمپس میں 15 دسمبر کے واقعات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے والے بہت سے طلبا نے آج مظاہرین سے خطاب کیا۔ ان میں سے ایک آصف طلحہ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) کی طرف سے بتایا گیا کہ آئین کے تحفظ کے علاوہ ان کی لڑائی بھی مسلم شناخت کی حفاظت کے لیے ایک لڑائی تھی۔ انھوں نے کہا کہ جب پولیس نے کیمپس میں گھس کر طالب علموں پر بہیمانہ حملہ کیا تو وہ نہ صرف احتجاج کو دبانے کے حکومتی احکامات کی تعمیل کررہے تھے بلکہ اس سے مسلمانوں کے خلاف ان کی چھپی ہوئی نفرت بھی ظاہر ہوتی ہے۔

نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (NSUI) کے نمائندے چندن یادو، جن کا نام بھی پولیس ایف آئی آر میں شامل ہے، نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت شہریوں کو بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دینے والی دفعات میں تبدیلی کرکے آئین کو کمزور کررہی ہے۔

چونکہ جامعہ میں خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی احتجاج میں شامل ہوگئی ہے، لہذا بائیں بازو کی کارکن فوزیہ فاروق نے خواتین کی گھروں سے نکل کر آئین، جمہوریت اور سیکولرازم کو بچانے کے لیے احتجاجی تحریک میں شامل ہونے کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت فاشسٹ ہو چکی ہے اور ہر ایک کا فرض ہے کہ وہ عوام دشمن اور آئین مخالف پالیسیوں کی مخالفت کرے۔

جامعہ کوآرڈینیشن کمیٹی (جے سی سی)، جو یونی ورسٹی میں طلبا یونین کی عدم موجودگی میں احتجاجی تحریک کی رہنمائی کررہی ہے، نے یونی ورسٹی کے سابق طلبا کے متعدد وکلا کے ساتھ ایک "قانونی ہیلپ ڈیسک” بھی قائم کیا ہے۔ جے سی سی کے ایڈووکیٹ صادق نور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ یونی ورسٹی میں پولیس کریک ڈاؤن میں زخمی ہونے والے طلبا سے شکایات جمع کر رہے ہیں اور پولیس کارروائی میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی شکایات موصول ہونے کے بعد اجتماعی شکایت درج کریں گے۔ نور نے بتایا کہ انھیں اتوار کی شام تک 100 سے زیادہ شکایات موصول ہوئی ہیں۔

مظاہرین کو قریبی علاقوں کے لوگوں کے ذریعہ پانی، چائے، کافی اور کھانے کے پیکٹ پیش کیے جارہے ہیں۔ پولیس کی عدم موجودگی میں، یہ مظاہرین ہی تھے جنہوں نے سڑک پر ٹریفک کا انتظام کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ٹریفک جام کی وجہ سے مسافروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔