’وزیر اعظم مودی کا رام للا کی مورتی اسپرش کرنا مریادا کے خلاف ‘

پوری کے شنکر آچاریہ نشچلا نند کاایودھیا میں رام مندر افتتاح کے تعلق سے بڑا بیان ،پران پرتشٹھا میں شرکت سے انکار

نئی دہلی ،05 جنوری :۔

ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے ۔پہلی منزل مکمل ہو چکی ہے اور اب رام للا کو 22 جنوری کو مندر میں بٹھائے جانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہے ۔یوپی حکومت اور ایودھیا کا پورا انتظامیہ اس تیاری کو عالی شان بنانے میں مصروف ہے ۔رام مندر تیرتھ چھیتر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا ہے جس سے ظاہر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہی رام للا کی مورتی کی اپنے ہاتھوں سے پران پرتشٹھا کریں گے۔اس سلسلے میں دعوت نامے کو لے کر ہنگامہ جاری ہے ایک طرف حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایک دوسرے پر تنقید کا سلسلہ جاری  ہے تو وہیں ہندو مذہبی رہنماؤں کی جانب سے  بھی متعدد سوالات کھڑے کئے جا رہے ہیں ۔

اس تنازعہ کے درمیان جگناتھ پوری کے شنکراچاریہ سوامی نشچلانند نے بڑا بیان دیاہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں اس پورے پروگرام پر متعدد سوالات اٹھاتے سنے جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ رام مندر کے پران پرتشٹھا کے پروگرام میں شرکت نہیں کریں گے۔ شنکراچاریہ نشچلانند نےپی ایم مودی پر بھی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھگوان کی مورتی کو اسپرش کریں اور میں وہاں کھڑا ہو کر تالیاں بجاؤں! یہ تو مریادا کے خلاف ہے۔ شنکراچاریہ دو روزہ مذہبی پروگرام میں شرکت کے لیے رتلام پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ وہ پران پرتیشٹھا پروگرام میں حصہ نہیں لے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے عہدے کے وقار کا خیال رکھتے ہیں، اس لیے انہوں نے پروگرام میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شنکراچاریہ نے کہا کہ پی ایم مودی کا رام للا کی مورتی کو اسپرش کرنا ہی مریادا کے خلاف ہے۔ ایسی حالت میں وہ مریادا پرشوتم کے وقار کی خلاف ورزی کے گواہ نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر میں مورتی کی پران پرتشٹھا شاستروں کے مطابق ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ رام مندر پر جس طرح کی سیاست کی جا رہی ہے وہ نہیں ہونی چاہئے۔ اس وقت سیاست میں کچھ بھی ٹھیک نہیں ہے۔ نشچلانند نے مذہبی مقامات پر بنائے جانے والے کوریڈور پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ آج مذہبی مقامات کو سیاحتی مقام بنایا جا رہا ہے۔ اس طرح ان میں عیش و عشرت کی چیزیں شامل کی جارہی ہیں جو درست نہیں۔