وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کو سوشل میڈیا پر دھمکی دینے کے الزام میں یوپی پولیس نے ایک شخص کو اوڈیشہ سے گرفتار کیا
نئی دہلی، ستمبر 5: دی ہندو کی خبر کے مطابق اتر پردیش پولیس نے اوڈیشہ کے کٹک ضلع سے ایک 42 سالہ مسلم تاجر کو سوشل میڈیا پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
سید حسن احمد، جو سیلے پور پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع کوشامبی گاؤں کے باشندے ہیں، کو جمعہ کے روز کٹک کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا اور اتر پردیش پولیس نے چار روزہ ریمانڈ حاصل کر لی۔
سیلے پور پولیس اسٹیشن کے انچارج نہار موہنتے نے کہا ’’دو ممبر پر مشتمل یوپی پولیس کی ایک ٹیم نے ہماری پولیس کی مدد سے یوپی کے ضلع باغپت کے سنگھ بلی پولیس اسٹیشن میں درج ایک مقدمے میں مسٹر احمد کو کوشامبی گاؤں سے گرفتار کیا۔‘‘
انھوں نے کہا کہ ریاستی پولیس کو مطلع کیا گیا ہے کہ حسن پر سوشل میڈیا پر وزیر اعظم اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کو دھمکی دینے کا الزام ہے۔
وہیں حسن کے والد نے کہا ’’میرے بیٹے کی کوئی مجرمانہ روایت نہیں ہے۔ اس نے شاید ہی کوئی اشتعال انگیز لفظ [سوشل میڈیا پر] استعمال کیا ہو۔ ہم نہیں جانتے کہ باغپت ضلع سے یوپی پولیس یہاں کیسے آ گئی۔‘‘