وزیر اعظم لوگوں کو اصل مسائل سے بھٹکا رہے ہیں: راہل گاندھی
نئی دہلی، فروری 6– کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے جمعرات کے روز وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ کستے ہوئے الزام لگایا کہ وہ لوگوں کو بھٹکا رہے ہیں اور بے روزگاری کے اصل معاملے پر خاموش ہیں۔
راہل نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم پاکستان، نہرو اور ہر اس چیز کے بارے میں بات کرتے ہیں جس سے کسی کو کوئی سروکار نہیں ہوتا لیکن وہ نواجواںوں کے بارے میں بات نہیں کرتے۔
راہل نے کہا ’’وزیر اعظم جواہر لال نہرو، پاکستان اور بنگلہ دیش کے بارے میں بات کرکے لوگوں کو حقیقی مسائل سے بھٹکا رہے ہیں۔‘‘
انھوں نے کہا کہ حکومت کو ملک کو متاثر کرنے والے معاشی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ کانگریس قائد نے مزید کہا کہ مرکزی بجٹ کچھ ٹھوس پیش کش نہیں کرتا ہے۔
وزیر اعظم نے صدر کی تقریر کا شکریہ ادا کرنے کی تقاریر کا جواب دیتے ہوئے راہل گاندھی کا نام لیے بغیر ہی ان پر حملہ کیا تھا۔ جب راہل نے مداخلت کی ، تو مودی نے کہا: ’’کچھ لوگوں کی ٹیوب لائٹ جلنے میں وقت لگتا ہے۔‘‘ اور یہ کہا کہ ’’وہ اپنی پیٹھ کو مضبوط بنانے کی تیاری کر رہے ہیں کیونکہ کچھ رہنماؤں نے کہا ہے کہ 6 ماہ میں نوجوان وزیر اعظم کو چھڑی سے ماریں گے‘‘۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی نے بدھ کے روز دہلی میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے کہا کہ مشتعل نوجوان چھ مہینوں میں مودی کو چھڑی سے ماریں گے۔
دہلی میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ’’ہندوستان میں پچھلے پانچ سالوں میں ماحول بدل گیا ہے۔ معاشرے سے اخوت اور امن ختم ہوچکا ہے۔ آپ میں سے بہت سے لوگ مانیں گے کہ ایسا مودی، آر ایس ایس اور بی جے پی کی وجہ سے ہوا۔ لیکن میں چیزوں کو تھوڑا سا مختلف انداز میں رکھوں گا۔ سب سے بڑی وجہ نوجوانوں کو آگے نہ بڑھانا ہے۔ بے روزگاری کی وجہ سے لوگ خوفزدہ ہیں۔ اور اگر نوجوانوں اور نئی نسل کو کوئی راستہ نہیں مل سکا تو وہ ناراض ہوجائیں گے۔ اور اس غصہ کا مودی کے ذریعہ غلط استعمال کیا جارہا ہے۔ اصل وجہ بے روزگاری ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے مرکز میں بی جے پی حکومت اور دہلی میں آپ کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’’نوجوان سڑکوں پر گھوم رہے ہیں اور بے روزگاری کی وجہ سے ناراض ہو رہے ہیں۔ اور ان کے غصے کا مودی اور کیجریوال غلط استعمال کر رہے ہیں۔‘‘
انھوں نے الزام لگایا کہ بےروزگاری کے معاملے پر کیجریوال اور مودی دونوں خاموش رہے۔ انھوں نے کہا "ان کی سیاست نفرت کی ہے اور اگر وہ آپ کو روزگار فراہم کریں گے تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔”