وارث خان مدھیہ پردیش کا فخر ، وزیراعلیٰ موہن یادو نے بہادری کی تعریف کی
راج گڑھ کے وارث خان نے حادثے میں سات لوگوں کی جان بچائی، وزیراعلیٰ نے تعریف کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کےانعام کا اعلان کیا
نئی دہلی ،15 نومبر :۔
مدھیہ پردیش میں آئےدن مسلمانوں کے خلاف حکومتی سطح پر کارروائی کی جاتی ہے اور خود وزیر اعلیٰ مسلمانوں کے خلاف بیان بازی کرتے نظر آتے ہیں لیکن گزشتہ دنوں کچھ ایسا ہوا کہ خود وزیر اعلیٰ کو ایک مسلم نوجوان کی تعریف ہی نہیں کرنی پڑی بلکہ اسےمدھیہ پردیش کا فخر قرار دینا پڑا ۔ جی ہاں ! ایسا ہوا ہے کہ خود وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے وارث خان نامی ایک مسلم نوجوان کی شان میں قصیدے پڑھے۔
واقعہ یوں ہے کہ راج گڑھ ضلع کے بیاورا کے رہائشی پلمبر وارث خان نے اے بی روڈ ہائی وے پر ایک کار حادثے کا شکار سات لوگوں کی جان بچائی ۔ کار پلٹنے کے واقعہ کے بعد شیو پوری کاایک خاندان پھنس گیا تھا جنہیں گاڑی کا شیشہ توڑ کر وارث خان نے بچایا۔اس خبر پر وزیر اعلیٰ موہن یادو نے نہ صرف وارث خان کی تعریف کی بلکہ ایک لاکھ روپے کی مراعاتی رقم کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ویڈیو کال کے ذریعے ورثاء سے بات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ واقعہ کی معلومات دیتے ہوئے وارث نے بتایا کہ وہ بائک سے بنا گنج جا رہا تھا۔ تب سامنے سے آنے والی کار حادثاتی طور پر کھائی میں گر گئی۔ بغیر کسی تاخیر کے اس نے اپنے ہاتھوں سے گاڑی کا شیشہ توڑا اور ایک ایک کر کے تمام مسافروں کو باہر نکالا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے وارث کے اس جرأت مندانہ عمل کو سراہا۔ انہوں نے کہا وارث تم نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ مصیبت کے وقت ایک دوسرے کی مدد کرنا ہی اصل انسانیت ہے۔ ہر کوئی آپ کے کام سے متاثر ہوگا۔ آپ مدھیہ پردیش کا فخر ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے تمام کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ 15 اگست کے موقع پر لوگوں کی مدد کرنے والے ہمت مند لوگوں کو عزت دیں۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا کہ شیو پوری سے بھوپال جا رہے ایک خاندان کے 7 افراد کی کار بیاوارہ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی اور کھائی میں گر گئی۔ پاس سے گزرنے والے شہری وارث خان نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کا شیشہ توڑ کر سب کو بحفاظت باہر نکال کر سب کی جان بچائی۔
وارث خان جی کی حساسیت اور ہمت قابل تعریف اور متاثر کن ہے۔ اس جرات مندانہ قدم کے لیے مدھیہ پردیش حکومت نے ایک لاکھ روپے کی ترغیبی رقم فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔