وارانسی: کاشی وشوناتھ مندر کے قریب گوشت کےدکانداروں پر  مقدمہ ،دکاندار ناراض

پابندی کی خلاف ورزی کا حوالہ دے کر کارروائی ،مسلم دکانداروں شراب کی دکانوں پر کارروائی نہ کرنے کا الزام لگایا

نئی دہلی ،12 جنوری :۔

اتر پردیش پولیس نے کاشی وشوناتھ مندر کے قریب گوشت کی دکان کے 10 مالکان کے خلاف مبینہ طور پر مندر کے دو کلومیٹر کے دائرے میں گوشت کی فروخت پر پابندی لگانے والے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ مقدمات میونسپل ویٹرنری کے ایک اہلکار کی شکایت کے بعد درج کیا ہے۔ جس میں گوشت کی دکان کے مالکان پر بھارتیہ نیا سنہتا کے تحت الزام عائد کیا گیاہے۔ اس میں تمام دکاندار مسلمان ہیں۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کاشی زون) گورو بنسوال کے مطابق، اہلکار کی جانب سے شکایت درج کرنے کے بعد چوک اور دشاسو میدھ پولیس اسٹیشنوں میں تین کیس درج کیے گئے تھے۔ وارانسی میونسپل کارپوریشن نے اس سے قبل گزشتہ سال ثقافتی اور مذہبی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے مندر کے آس پاس کے علاقے میں گوشت کی فروخت پر پابندی لگانے کی قرارداد منظور کی تھی۔

اس ماہ کے شروع میں، کارپوریشن نے 26 گوشت کی دکانوں کو نوٹس جاری کیے، انہیں پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر بند کرنے کی ہدایت کی۔ تاہم، اقبال احمد سمیت دکانوں کے مالکان نے دلیل دی ہے کہ انہیں غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ   اسی دو کلومیٹر کے دائرے میں شراب کی دکانوں کو ایسی  کوئی کارروائی نہیں کی گئی جبکہ شراب کی دکانوں پر بھی پابندی عائد ہے۔ اس کے علاوہ  انہوں نے اپنی دکانوں  کے لیے متبادل انتظامات نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

دریں اثنا گوشت کی دکانوں کے مالکان کے ایک وفد نے میئر اشوک تیواری سے ملاقات کی ہے، جنہوں نے ان کے خدشات کو تسلیم کیا اور مشورہ دیا کہ دکان کے مالکان اپنے کاروبار کے لیے متبادل جگہوں کی نشاندہی کریں۔ میئر نے انہیں یقین دلایا کہ میونسپل کارپوریشن آنے والے وقت میں ان کے لیے جگہ مختص کرے گی۔