نوئیڈا میں چار کروڑ کی مالیت کا ممنوعہ گوشت  برآمد،چارہندوسمیت پانچ گرفتار

نئی دہلی ،18 نومبر :۔

ملک بھر میں گؤ کشی کے معاملے میں مسلمانوں پر حملے کے درمیان اتر پردیش کے نوئیڈا میں ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے جہاں گائے کے ممنوعہ گوشت کی ایک بڑی مقدار  بر آمد کی گئی ہے اور اس  میں چار ہندو ٔں سمیت پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے۔یہ معاملہ گزشتہ 9 نومبر کا ہے مگر جانچ کے بعد اب پانچوں ملزمین کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق  یوپی کے نوئیڈا میں بڑے پیمانے پر ممنوعہ گوشت کی اسمگلنگ اور ذخیرہ  بر آمد کیا گیا ہے۔  4 کروڑ روپے مالیت کا ممنوعہ میٹ  ضبط کر کے تلف کر دیا گیا ہے۔  گائے کے گوشت کی تصدیق کے بعد پولیس نے 5 افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔ممنوعہ گوشت کا اتنا بڑا ذخیرہ بساہڑا واقع ایس پی جے کولڈ اسٹوریج میں بر آمد کیا گیا تھا۔پولیس نے تصدیق کے بعد کولڈ اسٹوریج کے مالک منیجر اور ڈرائیور سمیت پانچ ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمین کی شناخت ایس پی جی کولڈ اسٹوریج کے مالک پورن جوشی ،کولڈ اسٹوریج کے آپریٹر محمد خورشیدون نبی،کولڈ اسٹوریج کے منیجر اکشے سکسینہ ،ٹرک ڈرائیور شیو شنکر اور آپریٹر سچن کے طور پر ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق  9 نومبر کو دادری کوتوالی علاقے کے لوہرلی ٹول پر مغربی بنگال سے آنے والے ایک ٹرک کو کچھ لوگوں نے روکا اور بتایا کہ اس میں ممنوعہ گوشت لایا جا رہا ہے۔  پولیس نے ایک ٹرک کو روک کر اس میں رکھے گوشت کا نمونہ جانچ کے لیے بھیج دیا۔  پولیس نے جانچ کے بعد پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے کہ یہ گائے کا گوشت تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈی سی پی نے بتایا کہ ان لوگوں کو ممنوعہ گوشت کی اسمگلنگ اور ذخیرہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔شیو شنکر اور سچن مغربی بنگال سے ایک ٹرک میں تقریباً 32 ٹن گوشت لائے تھے۔  موصولہ اطلاع کی بنیاد پر ٹرک میں لدے گوشت کا نمونہ لے کر جانچ کے لیے متھرا کی لیب بھیج دیا گیا۔  اس کے بعد پولیس نے دادری کے ایس پی جے کولڈ سٹوریج بسہڑا روڈ پر چھاپہ مارا۔     ضبط کیے گئے گوشت کی تخمینہ مالیت تقریباً 4 کروڑ روپے ہے۔  پولیس نے برآمد شدہ گوشت کو موقع پر تلف کردیا۔

معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے ضروری قانونی کارروائی تیز کردی ہے۔  پورے معاملے کی گہرائی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔  ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے اور اس بات کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ گوشت کن جگہوں پر سپلائی کیا جا رہا تھا۔