ناصر-جنید قتل معاملہ :ملزم لوکیش سنگلا کی خود کشی، بجرنگ دل پر سنگین الزامات
بجرنگ دل ہریانہ یونٹ سے وابستہ بھارت بھوشن،ہرکیشیادو اور انیل کوشک ملزم سنگلا پر دفاع نہ کرنے کیلئے دھمکی دے رہے تھے

نئی دہلی ،09 جولائی:۔
میوات کے مشہور نام نہاد گؤ رکشکوں کے ذریعہ ناصر اور جنید کو زندہ جلانے کے معاملے میں اہم ملزم لوکیش سنگلا نے خود کشی کر لی ہے ۔خود کشی سے قبل لوکیش سنگلا نے بجرنگ دل پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے اپنی خود کشی کیلئے ذمہ دار بھی قرار دیا ہے ۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پانچ جولائی کی رات کو پیش آیا ۔ ملزم لوکیش سنگلا نے دہلی-آگرہ ریلوے ٹریک پر ضلع پلول کے قریب ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی ۔ملزم نے یہ انتہائی قدم اٹھانے سے قبل ایک ویڈیو ریکارڈ کی جس میں اس نے بجرنگ دل کے تین ارکان پر سنگین الزامات لگائے اور کہا کہ انہی کی وجہ سے وہ یہ انتہائی قدم اُٹھا رہا ہے۔
رپورٹوں میں بتایا جا رہا ہے کہ سِنگلا نے یہ ویڈیو اپنی بیوی کو بھیجی تھی، جس کے بعد اس کی بیوی دمینتی نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ ویڈیو میں لوکیش سِنگلا کہتا ہے کہ تین افراد اسے طویل عرصے سے دھمکا رہے تھے، اس کا پیچھا کر رہے تھے اور اسے جھوٹے مقدمے میں پھسانے کی دھمکی دے رہے تھے۔ ان افراد کے نام بھارت بھوشن، ہرکیش یادو اور انیل کوشک ہیں، جو مبینہ طور پر بجرنگ دل کی ہریانہ یونٹ سے وابستہ ہیں۔
دمینتی کے مطابق، اس کا شوہر نوح (میوات) ضلع میں ایک سماجی کارکن تھا اور یہ تینوں افراد اسے کئی مہینوں سے ہراساں کر رہے تھے۔ اس کا کہنا ہے کہ ان افراد نے ان کے گھر آ کر بھی سنگلا کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی، جس کی وجہ سے وہ خوف زدہ تھا اور کئی بار ذہنی دباؤ میں نظر آیا۔ سِنگلا کے مطابق، یہ افراد مسلسل دباؤ ڈال رہے تھے کہ وہ اپنا دفاع نہ کرے، ورنہ اسے سخت نتائج بھگتنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ 16 فروری 2023 کو راجستھان-ہریانہ بارڈر پر ایک جلی ہوئی جیپ سے ناصر اور جنید کی لاشیں ملی تھیں۔ الزام ہے کہ کچھ گئورکشکوں نے انہیں گائے کی اسمگلنگ کے شبہ میں اغوا کر کے قتل کر دیا تھا۔ اس معاملے میں لوکیش سِنگلا کو بھی ملزم نامزد کیا گیا تھا۔اس واقعہ کے بعد ملک بھر میں بجرنگ دل کی درندگی کے خلاف مسلمانوں نے آواز اٹھائی تھی۔
خودکشی کے بعد پولیس نے ویڈیو اور دمینتی کی شکایت کی بنیاد پر بھارت بھوشن، ہرکیش یادو اور انیل کوشک کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے اورپولیس اس معاملے کی باریکی سے تفتیش کر رہی ہے۔