ناسک :شدت پسند گروپ سکل ہندو سماج کی بند کے دوران  فرقہ وارانہ تصادم،پتھراؤ

چند دکانیں کھلی رکھنے پر شدت پسندوں کی بھیڑ نے یک شو رروم پر پتھراؤ کیا،دونوں طرف سے پتھراو کے سبب حالات کشیدہ ،پولیس نے کنٹرول کیا

نئی دہلی ،17 اگست :۔

شمالی مہاراشٹر کے جلگاؤں اور ناسک شہر میں گزشتہ روز جمعہ کو اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب سکل ہندو سماج کی جانب سے بنگلہ دیش میں ہندوؤں  پر مبینہ مظالم کے خلاف بند کی اپیل کے دوران چند دکانیں کھلی رہ گئیں تھیں۔ ہندو گروپ کی جانب سے جب ریلی نکالی گئی تو چند  دکانیں کھولے جانے پر اعتراض کیا اور تنازعہ کے بعد  فساد پھوٹ پڑا ۔سکل ہندو سماج کی ریلی میں شامل شر پسندوں نے گاڑی کی شو روم پر پتھراؤ کیا جس کے بعد دونوں طرف سے پتھراؤ شروعہو گئے اور حالات کشیدہ ہوگئے۔پولیس نے حالات کنٹرول کرنے کے لئے لاٹھی چارج کئے اور آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔

رپورٹ کے مطابق ایک اہلکار نے بتایا کہ پولیس نے فوری مداخلت کی اور حالات کو قابو میں کیا۔ ناسک کے پولیس کمشنر سندیپ کارنک نے کہا، "صورتحال کشیدہ ہے، لیکن قابو میں ہے۔ ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے چھ گولے اور ربڑ کی ایک گولی چلائی گئی۔ جس کی وجہ سے تقریباً چھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے ریاستی ریزرو پولیس فورس (ایس آر پی ایف) کے اہلکاروں سمیت پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ناسک کے بھدرکالی علاقے میں جمعہ کی دوپہر کو اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب سکل ہندو سماج کے اراکین کی طرف سے ایک موٹر سائیکل ریلی کے ساتھ نکالا گیا احتجاجی مارچ یہاں پہنچا۔ دراصل کچھ دکانیں بند کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھلی پائی گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ جب سکل ہندو سماج کے ارکان نے ان دکانوں کو بند کرنے کا دباؤ ڈالا  تو دونوں گروپوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا، جو جلد ہی تصادم میں بدل گیا، جس کے دوران پتھراؤ کیا گیا اور کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔