نائیجیریا: پٹرول ٹینکر میں خوف ناک دھماکہ، 94 لوگوں کی موت،پچاس سے زائد زخمی
پیٹرول لوٹنے کے دوران دھماکہ ہوا اور انسانی لاشیں بکھر گئیں
ابوجہ ،16 اکتوبر :۔
نائجیریا میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں تقریبا 94 لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔ دراصل ایک پٹرول ٹینکر بے قابو ہو کر پلٹ گیا اور کچھ دیر کے بعد اس میں اچانک سے دھماکہ کے ساتھ آگ لگ گئی۔ دھماکہ کی آواز سے پورا علاقہ دہل گیا، ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا۔ اس دھماکہ میں نہ صرف 94 لوگوں کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی، بلکہ تقریباً 50 لوگ شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، کیونکہ زخمیوں میں کچھ کی حالت بہت نازک ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جب پٹرول ٹینکر بے قابو ہو کر پلٹ گیا، تو اس سے پٹرول بھرنے کے لیے مقامی لوگ بڑی تعداد میں وہاں اکٹھا ہو گئے۔ جب یہ لوگ ٹینکر سے پٹرول نکال رہے تھے تبھی ٹینکر کے اندر زوردار دھماکہ ہو گیا۔ ہر طرف افرا تفری پھیل گئی اور لاشیں ہی لاشیں بکھری دکھائی دینے لگیں۔ اس واقعہ کی کچھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں ہنگامہ آرائی اور آگ و دھواں کا منظر دکھائی دے رہا ہے۔
یہ خوفناک حادثہ شمالی نائجیریا واقع جیگاوا ریاست کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ وہاں پر موجود پولیس افسر نے بتایا کہ ’’حادثہ پٹرول ٹینکر کے بے قابو ہو کر پلٹنے کے بعد پیش آیا تھا۔ ٹینکر پلٹنے کے فوراً بعد اس میں دھماکہ نہیں ہوا تھا، بلکہ کئی لوگ وہاں جمع ہو کر پٹرول اکٹھا کرنے میں مصروف ہو گئے تھے۔ سبھی کسی حادثہ سے بے خبر اور لاپروائی کے ساتھ پٹرول اکٹھا کر رہے تھے کہ اچانک ٹینکر میں دھماکہ ہو گیا۔‘‘