نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ حادثہ افسوسناک:جماعت اسلامی ہند

جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے مرنے والے عقیدت مندوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا

نئی دہلی ،17 فروری:۔

پریاگ راج میں چل رہے مہا کمبھ میں شرکت کیلئے پورے ملک سے لوگ پریاگ راج پہنچ رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹرینوں میں زبر دست بھیڑ چل رہی ہے۔مہا کمبھ میں شرکت کیلئے جانے والے عقیدت مندوں کیلئے خاطر خواہ انتظام نہ ہونے کی وجہ سے متعدد مقامات پر حادثے بھی رونما ہو رہے ہیں ۔نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کی رات پیش آیا حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی بھیڑ جمع ہونے کی وجہ سے بھگدڑ ہو گئی جس میں 15 سے 18 لوگوں کی موت ہو گئی ۔ جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔ اس اندوہناک حادثہ پر پورے ملک میں غم کی لہر ہے۔معروف ملی تنظیم جماعت اسلامی ہند نے بھی متاثرین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر محمد سلیم انجینئر نے اپنے ایک بیان میں تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ  نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ کی المناک واردات سے بہت افسردہ ہیں، جس میں بے گناہوں کی جانیں گئی ہیں اور بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ ہماری دلی تعزیت مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہے، اور ہم متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکام  سے اپیل کرتے  ہیں کہ وہ بھگدڑ کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی، غیر جانبدارانہ انکوائری کرائیں، جوابدہی طے کریں، اور ہجوم کے انتظام میں کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں۔ حکومت کو ذمہ داری قبول کرنی چاہیے اور ایسے سانحات کے اعادہ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنا چاہیے۔

شہریوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانا، خاص طور پر بڑے عوامی اجتماعات کے دوران، اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ اس بھگدڑ میں 18 افراد کی ہلاک کی تصدیق ہوئی ہے جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں اس میں زیادہ تر افراد کا تعلق بہار سے ہے۔ یہ تمام لوگ پریاگ راج کمبھ میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ٹرین کے آنے کے وقت پلیٹ فارم کی تبدیلی کے اعلان کے بعد پلیٹ فارم پر جمع ہجوم بے قابو ہو گیا اور بھگدڑ مچ گئی ۔