میں مدینة الرسول سے امن وانسانیت کا پیغام لے کر آیاہوں:امام مسجد نبوی

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام رام لیلا میدان میں منعقدہ دو روزہ کانفرنس میں حرم نبوی کے امام ڈاکٹر عبد ا للہ بن عبدالرحمان البعیجان کا خطاب

نئی دہلی:،9نومبر :۔

دارالحکومت دہلی کے رام لیلا میدان میں مرکزی جمعیت اہل حدیث کی جانب سے دو روزہ احترام انسانیت ومذاہب عالم کے عنوان پر کانفرنس کا آج افتتاح عمل میں آیا ۔اس موقع پر مہمان خصوصی مسجد حرم النبوی کے امام ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن البعیجان نے افتتاحی خطاب کیا ۔ انہوں نے اس عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ذمہ داران کو مبارکبادپیش کی اور کہا کہ یہ کانفرنس منعقدکرکے انسانیت کابھولا ہوا سبق اخوت وانسانیت یاددلانے کی کوشش کی ہے۔ انسان بلا شبہ محترم ومکرم ہے۔ میں مدینة النبی سے اسلام کا پیغام امن وانسانیت لے کر ہندوستان آیا ہوں۔ میں دعا کرتاہوں کہ اللہ تعالیٰ اس دیش کو امن وشانتی کا گہوارہ بنائے۔ اس دو روزہ کانفرنس میں ملک بھر سے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہے جو علمائے کرائم اور معاوظین کے نصائح سے مستفید ہوگی.

کانفرنس کے  صدر اور جمعیت اہل حدیث کے  امیر مولانااصغرعلی امام مہدی سلفی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آج انسانیت مختلف طرح کی چنوتیوں کاسامنا کررہی ہے۔ انسان مادیت ، دنیا داری کی طرف مائل اور آخرت کی جوابدہی سے بے خوف ہوتاجارہاہے جبکہ اسلام نے انسان کو اپنی زندگی کو پرسکون بنانے کے لئے عظیم نسخہ کیمیا عطاکیا ہے اور بلا تفریق کسی مذہب یامذہبی کتاب کی بے حرمتی سے بچنے کی تعلیم دی ہے اور سماجی رواداری کا حکم دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بین المذاہب مکالمہ ایک دینی وسماجی ضرورت ہے۔ نبی نے خود حلف الفضول میں شرکت اور نجران کے عیسائیوں سے مکالمہ کرکے ہم کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم ایک دوسرے کو سمجھنے ، اپنی بات دوسروں کے سامنے رکھنے کی کوشش کریں اس سے مذہب کا تعارف اور غلط فہمی کاازالہ ہوگا۔ انھوں نے قومی یکجہتی، آپسی بھائی چارہ کے فروغ ، مسلکی ناچاقی کوختم کرنے، منافرت کو ہوانہ دینے اورتشددسے بچنے اور نرمی برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھائی بھائی بن کر ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں کام آئیں، جنگ وجدال انسانیت کے لئے سب سے منحوس اور مہلک ہے۔

انھوں نے فلسطین کے غزہ کی تباہی وبربادی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا سے جنگ کے خاتمہ کے لئے اقوام عالم کو سنجیدہ کوشش اور اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔ رابطہ عالم اسلامی کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری ڈاکٹرعبدالرحمن بن عبداللہ الزید نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹرمحمدعیسیٰ نے مجھے آ پ دیش واسیوں امن وآشتی اورمحبت بھراپیغام دے کربھیجا ہے۔ہندوستان کی تکثیریت میں اس کی خوبصورتی ہے۔ احترام انسانیت اور مذاہب عالم کے عنوان پر اس قابل مبارکباد کانفرنس سے توقع ہے کہ ملکی وعالمی سطح پر اس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے اور انسانیت کوز کو تقویت ملے گی۔

ڈاکٹرحسن المرزوقی اسسٹنٹ سکریٹری عالمی کمیٹی متحدہ عرب امارات نے کہا کہ ہندوستان بہت عظیم ملک ہے جس کے اندر اربوںلوگ بستے ہیں ۔زبانیں مختلف ہیں ،جن کی عبادتیں مختلف ہیں ، جن کے طورطریقے الگ ہیں اس کے باوجود سب کے سب مشترک سوسائٹی میں امن وشانتی کے ساتھ رہتے ہیں۔ جوقابل ستائش ہے ۔

جمعیة علماءہند کے صدرمولانا ارشد مدنی نے اس اہم کانفرنس کے موضوع ”احترام انسانیت اور مذاہب عالم‘  کے انتخاب پرمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانااصغرعلی امام مہدی سلفی کی ستائش کی اورکہا کہ ابراہیم علیہ السلام نے اپنی زندگی سے ہمیں ایثار وقربانی کی تعلیم دی ہے۔ ہمارے رسول وانبیاءؑنے ہمیں امن وشانتی کی دعا کرنے کی تلقین کی ہے مسلمان جہاں بھی رہیں ان کواپنا عملی نمونہ پیش کرتے رہناچاہیے۔ان کے علاوہ ملک کے طول و عرض سے آئے متعدد علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔