میں ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں ہوں:برازیل
غزہ میں اسرائیل کے ذریعہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر برازیل کے صدر لوئیزانا سیو لولا ڈا سلواکی پھر تنقید
غزہ،24 فروری :۔
غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری فلسطینیوں کی نسل کشی پر برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا ڈا سلوا نے ایک بار پھر اسرائیل پر سخت تنقید کی ہے۔مزید انہوں نےاسرائیل کی حمایت کرنے والوں کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئےاسرائیلی کارستانیوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک تازہ بیان میں برازیل کے صدر نے کہا ہے کہ "اسرائیلی حکومت جو کچھ کر رہی ہے وہ جنگ نہیں ہے، یہ نسل کشی ہے۔”بچوں اور خواتین کو قتل کیا جا رہا ہے۔ لولا نے ایک عوامی تقریب میں کہا اور پھر سوشل میڈیا پر اپنے تبصرے پوسٹ کیے۔
برازیل کے صدر کی اسرائیل پر ایک ہفتے میں یہ دوسری بڑی تنقید ہے۔ گذشتہ ہفتے کے آخر میں جب انہوں نے غزہ پر اسرائیل کی جنگ کا ہولوکاسٹ سے موازنہ کیا تو اسرائیل میں ان کے بیان کو لے کر ہنگامہ ہوا۔ اس ہنگامے کا حوالہ دیتے ہوئے لولا نے جمعہ کی رات کہا کہ لوگوں کو خود پڑھنا چاہیے کہ انہوں نے اسرائیل کے طرز عمل کے بارے میں کیا کہا تھا۔لولا نے کہا کہ "انٹرویو پڑھیں اور اسرائیل کے وزیر اعظم کی تقریر کی بنیاد پر میرا فیصلہ کرنا بند کریں۔
ہفتے کے روز اپنی پوسٹ میں، لولا نے مزید کہا: "اسی طرح میں نے کہا تھا کہ جب میں جیل میں تھا کہ میں جیل سے نکلنے کے لیے کوئی معاہدہ قبول نہیں کروں گا اور میں اپنی آزادی کو اپنے وقار کے بدلے نہیں دوں گا، میں کہتا ہوں: میں اپنی عزت کو جھوٹ سے نہیں بدلوں گا۔ میں ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں ہوں۔