میکسیکو: غزہ پر وحشیانہ حملوں کیخلاف اسرائیلی سفارت خانے کے باہر مظاہرہ
میکسیکو،30مئی ۔
اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ میں جاری انسانیت سوز حملے کے خلاف پوری دنیا میں انصاف پسندوں کے درمیان اشتعال ہے ۔رفح پناہ گزین کیمپ پر گزشتہ دنوں اسرائیل کے وحشیانہ حملہ کے خلاف میکسیکو میں بھی لوگوں نے احتجاج کیا ۔میکسیکو میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر رفح میں اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، منگل کے روز میکسیکو سٹی میں تقریباً 200 افراد اسرائیلی سفارت خانے کے باہر مظاہرے میں شامل ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس مظاہرے کے دوران صورتحال اس وقت بگڑی جب کچھ مظاہرین نے اسرائیلی سفارت خانے تک پہنچنے کے لیے رکاوٹوں کو توڑنے کی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق، مظاہرین نے اپنے چہرے ڈھانپے ہوئے تھے اور راستہ روکنے پر مشتعل ہوکر پولیس پر پتھراو¿ کیا جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کردی۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں، وحشیانہ اسرائیلی بمباری سے اب تک 46 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 36 ہزار 96 ہوگئی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 81 ہزار 136 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔