میٹرو اسٹیشن پر مسلم نوجوانوں کی ہنگامہ آرائی کی وائرل  ویڈیو پر دہلی میٹرو کی وضاحت

ہجوم میں اچانک اضافہ کی وجہ سے 13 فروری کو کچھ لوگوں نے اے ایف سی گیٹ سے چھلانگ لگا دی : ڈی ایم آر سی

نئی دہلی ، 15 فروری :

دہلی میٹرو میں کچھ مسلم نوجوانوں کے ذریعہ ایک اسٹیشن میں ہنگامہ کرنے اور میٹرو اصولوں کے خلاف آٹو میٹک گیٹ پھلانگ کر باہر آنے کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے مختلف رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف جہاں دائیں بازو کے حامی صارفین منفی رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں اور ان تمام کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں وہیں دوسری جانب دوسرے افراد بھی ہیں جو ان کے طریقے کی مخالفت کر رہے ہیں ۔کچھ صارفین نے مسلم منافرت پھیلانے والوں کو کانوڑ یاترا کے دوران ہنگامہ آرائی کی ویڈیو دکھا کر جواب دے رہے ہیں مگر اس عمل کو کوئی درست نہیں قرار دے رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ گزشتہ 13 فروری کو شب برات کے موقع کا بتایا جا رہا ہے۔ جہاں  دہلی میٹرو کے جامع مسجد اسٹیشن پر کچھ لوگوں کے اے ایف سی گیٹ پر چھلانگ لگانے کا ویڈیو ہے۔ اب اس سلسلے میں  دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے ہفتہ کو اس واقعہ کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ اے ایف سی گیٹ پر اچانک بھیڑ بڑھنے کی وجہ سے کچھ مسافر چھلانگ لگا کر باہر آگئے۔

ڈی ایم آر سی کے مطابق یہ واقعہ وائلٹ لائن پر واقع جامع مسجد میٹرو اسٹیشن پر 13 فروری کی شام کو پیش آیا۔ تھوڑی دیر کے لیے مسافروں کی بھیڑ اچانک بڑھ گئی۔ اس کے بعد کچھ مسافر باہر نکلنے کے لیے اے ایف سی کے گیٹ سے کود گئے۔ ایسے مسافروں کو مشورہ دینے کے لیے سیکورٹی اہلکار اور دیگر عملہ مناسب تعداد میں موجود تھا اور حالات کبھی بھی قابو سے باہر نہیں ہوئے۔ یہ واقعہ اے ایف سی گیٹ پر ہجوم میں اچانک اضافہ کی وجہ سے کچھ مسافروں کا ایک لمحاتی ردعمل تھا۔