میوات میں وژن اکیڈمک سٹی کا افتتاح علاقے کے لیے ایک نعمت
ہریانہ کے انتہائی پسماندہ ضلع میوات میں وژن اکیڈمک سٹی پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں سماجی ،سیاسی اور تعلیمی شخصیات کی شرکت،تعلیمی ،سماجی اور معاشی پسماندگی کو دور کرنے کا عزم

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی،08 ستمبر :۔
ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ہریانہ کے سب سے پسماندہ اضلاع میں سے ایک میوات میں وژن اکیڈمک سٹی” پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ مرودا گاؤں میں 24 ایکڑ پر پھیلے ہوئے کیمپس کا مقصد معیاری اور سستی تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، اور کمیونٹی خدمات فراہم کرکے خطے کے سماجی و اقتصادی منظر نامے کو تبدیل کرنا ہے۔
افتتاحی پروگرام میں متعدد سماجی ،سیاسی اور تعلیمی شخصیات نے شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقامی ایم ایل اے ممن خان نے کیمپس کو میوات کے لوگوں کے لیے ایک "نعمت” قرار دیا اور اس کے تعلیمی اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سرپرست اور گلفر گروپ کے بانی پی محمد علی گلفر نے یاد دلایا کہ ویژن 2026 کا خواب 2005 میں دیکھا گیا تھا اور اب یہ حقیقت بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس خطے کی تعلیمی اور سماجی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
وژن2026 کے چیئرمین، ٹی عارف علی نے اس بات پر زور دیا کہ میوات کے لوگوں کی قربانیاں ہندوستان کی سرزمین میں بہت گہری ہیں، اور اب وقت آگیا ہے کہ ان کے آباؤ اجداد کے خوابوں کو حقیقت میں بدل دیا جائے۔میوات کا شمار ملک کے سب سے پسماندہ اضلاع میں ہوتا ہے، جہاں تعلیم کی ناقص سطح، صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کی کمی، اور ناکافی صفائی کی صورتحال ہے۔ ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ویژن اکیڈمک سٹی کو ویژن 2026 پروگرام کے تحت تیار کیا گیا ہے۔
افتتاح کے دوران، کیمپس کے اندر کئی ادارے باضابطہ طور پر کھولے گئے، جن میں الجامعہ اسلامیہ میوات آف کیمپس، ایک انڈرگریجویٹ کالج کی عمارت، لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ ہاسٹل، اور چراغ مڈل اسکول شامل ہیں۔ اسکالر سکول اور اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔اس تقریب نے ترنگ کلچرل فیسٹول، میوات کچن، اور میوات ہیریٹیج وال کے ذریعے میوات کے بھرپور ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا، جو خطے کی روایات اور شناخت کو ظاہر کرتا ہے۔
مہمانان خصوصی میں انجینئر ممن خان (ایم ایل اے، فیروز پور جھرکا)، پی محمد علی (بانی، گلفر گروپ آف کمپنیز) اور مقبول احمد انار والا (ریٹائرڈ آئی پی ایس آفیسر) شامل تھے۔ اس موقع پر ماہرین تعلیم، کمیونٹی لیڈرز اور کئی نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔
مقررین نے میوات میں معیاری تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ و ژن اکیڈمک سٹی نہ صرف جدید بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گا بلکہ اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے لیے راستے بھی کھولے گا۔
اس موقع پر ایم ساجد (جنرل سیکرٹری، ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن)، شبلی ارسلان (اکیڈمک ڈائریکٹر، الجامعہ میوات کیمپس) اور بہت سے مقامی معززین موجود تھے۔
(بشکریہ :انڈیا ٹو مارو:محمد نوشاد خان)