میرے شوہر کو 7 سال سے جیل میں رکھا گیا کیونکہ انہوں نے سچ بولا
سابق آئی پی ایس سنجیو بھٹ کیاہلیہ شویتا بھٹ کی جذباتی پوسٹ،شوہر کی جلد رہائی کا مطالبہ

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی ،05 ستمبر :۔
سابق آئی پی ایس افسر سنجیو بھٹ گزشتہ سات سال سے جیل میں بند ہیں ان کی اہلیہ شویتا سنجیو بھٹ نے ایک طویل اور جذباتی پوسٹ لکھ کر ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سنجیو بھٹ کو گزشتہ 7 سال (2555 دن) سے جیل میں رکھا گیا ہے کیونکہ انہوں نے سچ بولنے کی جرات کی، جب کہ اصل مجرم آزاد گھوم رہے ہیں۔
شویتا بھٹ نے لکھا – "آج میں یہ سوچنے پر مجبور ہوں کہ ہم بحیثیت قوم کب بھول گئے کہ اصل میں کیا اہمیت ہے؟ ایک آمر کی کمزور انا کی خاطر ملک کی روح قربان کر دیا؟ انہوں نے الزام لگایا کہ ایماندار آواز اور دلیر لوگوں کو قید کیا گیا ہے اور عدلیہ طاقت کی کٹھ پتلی بن چکی ہے۔
انہوں نےاپنی پوسٹ میں لکھا کہ”سنجیو کا جرم صرف یہ تھا کہ انہوں نے اقتدار کے سامنے سچ بولا، سات سال سے عصمت دری کرنے والے، قاتل اور ہجومی تشدد کرنے والے آزاد گھوم رہے ہیں، لیکن ایک ایماندار افسر جیل میں ہے۔ شویتا بھٹ نے عوام سے خوف اور خاموشی کو توڑ کر اس لڑائی میں شامل ہونے کی اپیل کی:
"یہ حکومت خوف اور خاموشی پر زندہ رہتی ہے۔ لیکن کیا ہم انہیں یہ باور کرائیں گے کہ ہم بزدل ہیں؟ یہ دکھانے کا وقت آگیا ہے کہ سنجیو اکیلا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک ان ہیروز کو یاد رکھے جو اپنے خاندان، اپنی آزادی اور اپنے مستقبل کی قربانی دے کر سچائی کے لیے کھڑے ہیں۔اگر کبھی سچ کی حفاظت کرنی ہے تو وہ وقت ابھی کا ہے… اگر کبھی اس ملک کی روح کو بچانا ہے تو وہ وقت اب آ چکا ہے۔