"میری آواز سنو”: آٹھ سالہ کم عمر آب و ہوا کی کارکن بچی نے وزیر اعظم مودی کے اعزاز کو مسترد کردیا
نئی دہلی، مارچ 07- منی پور کی رہائشی آب و ہوا میں تبدیلی کی سرگرم کارکن لیسی پریا کنگوجم نے اتوار کے روز خواتین کے عالمی دن سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی کی ’’She Inspires us‘‘ مہم میں شامل ہونے کے اعزاز سے انکار کردیا۔ کنگوجم، جس کے ٹویٹر بائیو نے انھیں "آب و ہوا کی کارکن ایک بےگھر بچی” کے طور پر بیان کیا ہے، نے اعزاز سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماحول کو درپیش چیلنجوں پر توجہ مرکوز کرنے کو ترجیح دیتی ہیں اور ہندوستان کے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اس اعزاز کے بجائے "پارلیمنٹ کے جاری اجلاس میں میری آواز بلند کریں”۔
جمعہ کے روز حکومت نے ٹویٹر پر آٹھ سالہ بچی کی کہانی کو متاثر کرنے والی خواتین میں سے ایک کے طور پر شیئر کیا۔ حکومت نے لکھا ’’لیسی پریا منی پور سے تعلق رکھنے والی بچی ماحولیاتی کارکن ہے۔ 2019 میں اسے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام چلڈرن ایوارڈ، ورلڈ چلڈرن پیس ایوارڈ اور انڈیا پیس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ کیا وہ متاثر کن نہیں ہے؟ کیا تم اس جیسی کسی کو جانتے ہو؟ SheInspiresUs# کا استعمال کرتے ہوئے ہمیں بتائیں۔‘‘
اس کے جواب میں کنگوجم، جس نے پچھلے سال جولائی میں پارلیمنٹ کے باہر بھی احتجاج کیا تھا، نے لکھا: ’’محترم نریندر مودی جی، اگر آپ میری آواز سننے کے لیے تیار نہیں ہیں، توبراہ کرم مجھے اعزاز بھی نہ دیں۔ آپ کی پہل SheInspiresUs# کے تحت مجھے ملک کی متاثر کن خواتین میں شامل کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔ کئی بار سوچنے کے بعد میں نے اس اعزاز کو ٹھکرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جے ہند!‘‘
ہفتہ کی صبح کنگوجم کی جانب سے تیز الفاظ میں پوسٹ کیے گئے ٹویٹس میں، جس کا موازنہ بہت سے لوگوں نے 17 سالہ سویڈش آب و ہوا میں بدلاؤ کی سرگرم کارکن گریٹا تھونبرگ سے کیا تھا، نے سیاست دانوں کو بھی متنبہ کیا تھا کہ ’’مجھے کبھی بھی اپنے سیاسی فوائد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش نہیں کریں…میں آپ کے حق میں نہیں ہوں۔”
اپنے اکاؤنٹ پر کنگوجم نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’پیارے سیاستدانو اور سیاسی جماعتو! مجھے اس کے لیے تعریف کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے بجائے اپنے ممبران پارلیمنٹ سے جاری پارلیمنٹ اجلاس میں میری آواز اٹھانے کو کہیں۔ مجھے کبھی بھی اپنے سیاسی فوائد اور پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش نہ کریں۔ میں اسے پسند نہیں کرتی۔ اور میں آپ کے حق میں نہیں ہوں۔‘‘
SheInspiresUs# ایک سوشل میڈیا مہم ہے جو ان خواتین کے لیے وقف کی گئی ہے "جن کی زندگی اور کام لاکھوں افراد میں حوصلہ افزائی کرنے میں مدد فراہم کریں گے”۔ مودی نے 3 مارچ کو ٹویٹ کیا تھا کہ ’’”خواتین کے عالمی دن میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ان خواتین کو دوں گا جن کی زندگی اور کام ہمیں متاثر کرتے ہیں۔ اس سے انھیں لاکھوں افراد میں تحریک پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ کیا آپ ایسی عورت ہیں یا کیا آپ ایسی متاثر کن خواتین کو جانتے ہیں؟‘‘